Live Updates

پاناما کیس: ' ثبوتوں کے حوالے سے عمران خان عدم تحفظ کا شکار ہیں ،مائزہ حمید

عمران خان پروفیشنل انداز میں اپنا مقدمہ لڑیں اور جاوید ہاشمی کی طر ح اپنے الزامات کی پارلیمنٹ میں آکر وضاحت پیش کریں، لیگی رہنما کا نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال

جمعرات 5 جنوری 2017 14:30

پاناما کیس: ' ثبوتوں کے حوالے سے عمران خان عدم تحفظ کا شکار ہیں ،مائزہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2017ء) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مائزہ حمید کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کیس میں ثبوتوں کے حوالے سے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ایک طرف عمران خان نے سماعت سے ایک روز قبل میڈیا پر آکر نئی دستاویزات پیش کیں اور دوسری طرف عدالت میں وہ ایک ثبوت بھی پیش نہ کرسکے۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے لیگی رہنما مائز حمید نے کہا کہ پی ٹی آئی جس طرح سے یہ مقدمہ لڑ رہی ہے، اس سے واضح ہے کہ ان کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہی نہیں ہیں۔ تحریک انصاف کو چاہیئے کہ وہ اپنی جماعت کے سربراہ کو سمجھائیں کہ ثبوت میڈیا پر نہیں، بلکہ عدالت میں پیش کیے جاتے ہیں، لہذا جو طریقہ کار عمران خان نے اختیار کر رکھا ہے اس سے واضح ہے کہ وہ عدالتی کارروائی کو متاثر کرنا چاہتے ہیں'۔

(جاری ہے)

لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ثبوت کبھی بھی ای میلز کی شکل میں نہیں ہوتے، لہذا عمران خان کو چاہیئے کہ وہ پروفیشنل انداز میں اپنا مقدمہ لڑیں۔مائزہ حمید نے مطالبہ کیا کہ جس طرح پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے ذریعے قوم کو آگاہ کیا تھا، اسی طرح جاوید ہاشمی کے سنگین الزامات کے بعد عمران خان کو بھی چاہیئے کہ وہ پارلیمنٹ میں آکر وضاحت پیش کریں کہ ان الزامات کی حقیقت کیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز پاناما لیکس کیس پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں قائم نئے بینچ نے مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات