پی ٹی آئی عدالت میں وزیر اعظم کے خلاف کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکی،عابد شیر علی

بدھ 4 جنوری 2017 23:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے پی ٹی آئی عدالت میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکی ہے کیونکہ ان کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہی نہیں، گذشتہ روز بھی عمران خان نے خود عدالت میں یہ بات کہی کہ ہمارا کام صرف الزامات لگانا ہے ثبوت پیش کرنا نہیں جو یہ واضح کرتا ہے کہ تحریک انصاف صرف بے بنیاد اور جھوٹے الزامات ہی لگا سکتی ہے حالانکہ عدالتوں میں تو ثبوت پیش کرنے ضروری ہوتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’تکرار‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا ایسی بات کرنا بذات خود ایک بہت بڑا جرم ہے کہ بغیر کسی ثبوت کے کسی دوسرے کے اوپر کوئی الزام لگایا جائے لیکن اس کے باوجود بھی وزیر اعظم محمد نواز شریف نے خود کو اور اپنے خاندان کو بلا خوف و خطر خود احتسابی کے لیے پیش کیا ہے حالانکہ عمران خان اینڈ کمپنی کے پاس کوئی بھی ثبوت موجود نہیں اور وہ جو زبان حکومتی ارکان کے خلاف استعمال کرتے ہیں وہ سب کے سامنے ہے، انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں عمران خان کی طرح مرضی کے فیصلے نہ آنے پر عدالتوں کو برا بھلا کہنے والے لوگ نہیں اس لیے عدالت کا جو بھی فیصلہ آئے گا ہم اسے قبول کریں گے، وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی بھی معزز ججز کے کردار یا ان کے کمنٹس پر تبصرہ نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے تو عمران خان کے کہنے پر ایف آئی اے سے تحقیقات کرانے کی بھی پیشکش کی اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے انہیں یہ بھی کہا کہ آپ بندہ بھی اپنی مرضی کا چن لیں ہم ہر طرح کی تحقیقات کرانے کو تیار ہیں لیکن اصل بات تو یہ ہے کہ فیصلے اگر تو تحریک انصاف کی مرضی کے آ جائیں پھر تو وہ لوگ زندہ باد لیکن اگر فیصلہ ان کے خلاف آ جائے تو وہ لوگ مردہ باد ہو جاتے ہیں اور پھر یہ لوگ انہیں برا بھلا کہنا شروع ہو جاتے ہیں جو درست عمل نہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کو بار ہا مرتبہ پیشکش کی ہے کہ پارلیمنٹ کا ایک بہترین فورم موجود ہے آئیں سب مل کر وہاں ایسی قانون سازی کریں کہ جس میں کسی کو کوئی ابہام نہ ہو، سڑکوں پر نکلنے سے کوئی فیصلے نہیں ہوتے آئینی ادارے موجود ہیں اس لیے آئینی اداروں کو ہی مضبوط کر کے آگے بڑھ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ نہ تو کسی کے من پسند فیصلے ہوتے ہیں اور نہ ہی کسی کی مرضی کے قوانین بنائے جاتے ہیں بلکہ آئین اور قانون کے مطابق ہی پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جا سکتی ہے جس سے جمہوریت اور جمہوری نظام کو بھی مستحکم بنایا جا سکتا ہے، عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے دور میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف کا کڑا ترین احتساب کیا گیا لیکن اس وقت بھی وزیراعظم محمد نواز شریف پر ایک پیسے تک کی کرپشن ثابت نہ ہو سکی کیونکہ ہمارا دامن ماضی میں بھی صاف تھا اور آج بھی صاف ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو تو اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے وہ تو انشااللہ کونسلر بننے کے لائق نہیں رہے گا۔

متعلقہ عنوان :