وکلاء کی تبدیلی سے پاناما زدہ حکمرانوں کی بوکھلاہٹ واضع ہو گئی ، نااہل حکمران ایک اور دھرنے کیلئے تیار رہیں‘ صاحبزادہ حامد رضا

پنجاب میں انگریز کا بنایا ہوا کمشنری نظام بحال کرنا عوام دشمنی ہے، جاوید ہاشمی نے عدلیہ اور فوج پر حملہ کرکے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ‘ خطاب

بدھ 4 جنوری 2017 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ وکلاء کی تبدیلی سے پاناما زدہ حکمرانوں کی بوکھلاہٹ واضع ہو گئی ہے ، نااہل حکمران ایک اور دھرنے کیلئے تیار رہیں،پنجاب میں انگریز کا بنایا ہوا کمشنری نظام بحال کرنا عوام دشمنی ہے، جاوید ہاشمی نے عدلیہ اور فوج پر حملہ کرکے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے، داعش کی فکری مزاحمت کیلئے عالم اسلام کا مشترکہ تھنک ٹینک قائم کیا جائے۔

انتہا پسندی اور دہشت گردی کے ایشو پر دنیا بھر کے اسلامی سکالرز کی گریٹ ڈیبیٹ کروائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمن آباد میں سنی اتحاد کونسل لاہور کے میڈیا سیکرٹری رائو حسیب احمد کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مفتی محمد حبیب قادری، مفتی ڈاکٹر مقیم خان،حاجی رانا شرافت علی قادری، علامہ مفتی نعیم جاوید نوری ، مولانا محمد علی نقشبندی ، صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ بھی موجود تھے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ن لیگ ناکام لیگ بن چکی ہے۔ انتخابی اصطلاحات پر کام تیز ہو نا چاہیئے۔ پاناما لیکس مقدمے کا فیصلہ عوامی خواہشات کے برعکس آیا تو المیہ ہو گا۔ بلدیاتی اداروں کو ڈپٹی کمشنر ز کے ماتحت کرنا غیر جمہوری ہے۔ اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل مسلمانوں کی شکایات کا ازالہ کریں اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردارا دا کریں۔ اسلامی ممالک باہمی تنازعات کو مذاکرات سے حل کریں۔ جاوید ہاشمی سیاست کا متروک کردار بن چکے ہیں۔