ْشریف برادران آتے ایوانوںکے راستے ہیں حکومت مارشل لائی طرز پر چلاتے ہیں‘ قمر زمان کائرہ

بلدیاتی نظام کے وجود میں آنے کے باوجود کمشنری نظام ان کی آمرانہ ذہنیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے پر چلنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ‘ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر کا ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

بدھ 4 جنوری 2017 16:53

ْشریف برادران آتے ایوانوںکے راستے ہیں حکومت مارشل لائی طرز پر چلاتے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2017ء) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شریف برادران آتے ایوانوںکے راستے ہیں لیکن حکومت مارشل لائی طرز پر چلاتے ہیں ، بلدیاتی نظام کے وجود میں آنے کے باوجود کمشنری نظام ان کی آمرانہ ذہنیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے پر چلنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرنگ کراس چوک میں آصف علی زرداری رہائی کمیٹی کے زیر اہتمام پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین و سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 89ویں سالگرہ کا کیک کاٹنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارکن جیے بھٹو اور اپنی قیادت کے حق میں نعرے بھی لگاتے رہے ۔

(جاری ہے)

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے سلسلہ میں تقاریب کا آغاز ہو گیا ہے ،ان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے آج ( جمعرات ) ملک بھر میں تقریبات منعقد ہوں گی ۔

اسی سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو پسے ہوئے طبقات کی آواز تھے ۔ ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے پر چلے بغیر معاشی اور ملک کی ترقی ممکن نہیں ۔ انہوں نے کمشنری نظام کے نفاذ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ شریف برادران شراکت اقتدار کے قائل نہیں ۔ یہ اختیارات اپنے ہاتھ میںرکھنا چاہتے ہیں ، یہ آتے تو ایوانوں کے راستے سے ہیں لیکن حکومت مارشل لائی طرز پر چلاتے ہیں ، ان کا مزاج آمریت والا ہے ۔