قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے زیر اہتمام کشمیر کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینار کا آغاز کل ہو گا

ارکان پارلیمان، یورپین پارلیمنٹ برطانیہ ، کینیڈا اور شمالی امریکہ کے مندوبین، ماہرین تعلیم ، عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور طلباء شرکت کرینگے

بدھ 4 جنوری 2017 13:17

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے زیر اہتمام کشمیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے زیر اہتمام کشمیر کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینار کا آغاز کل جمعرات کو ہو گا۔ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پارلیمنٹ پہلی بار کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کے معاملے پر بین الاقوامی سیمینار منعقد کروارہی ہے ۔

اسلام آباد میں سیمینار کا بنیادی مقصد جولائی 2016ء میں برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی افواج کی طرف سے حق خود ارادیت کی نئی اٹھنے والی لہر کو دبانے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ سیمینار میں ارکان پارلیمان کے علاوہ یورپین پارلیمنٹ برطانیہ ، کینیڈا اور شمالی امریکہ کے مندوبین کے علاوہ 400سے زیادہ ملکی مندوبین ، ماہرین تعلیم ، عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور طلباء شرکت کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے سیمینار کے انعقاد کا فیصلہ کیااور رکن قومی اسمبلی شازہ فاطمہ خواجہ کو اس کا کنوینر مقرر کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سیمینار کے افتتاحی اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی سمینار سے خطاب کریں گے۔سیمینار کے دوران مختلف سیشنز ہوں گے جن سے چیئرمین سینیٹ ، وزیر اعظم آزاد کشمیر ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ، صدر آزاد کشمیر سمیت مختلف نمایاں شخصیات خطاب کریں گی۔