وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف شعبہ جات میں بیروزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے، چوہدری شیر علی

منگل 3 جنوری 2017 19:56

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف شعبہ جات میں بیروزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے اور یہ افراد ٹریننگ کی تکمیل کے بعد مارکیٹ ‘ انڈسٹریز اور دیگر شعبہ جات میں خدمات سرانجام دے کر اپنے گھر کی کفالت اور ملک کی ترقی میں بہترین کردار ادا کریں گے، وہ مائنز ریسکیو اینڈ سیفٹی اسٹیشن خوشاب میں چھ ماہ کا کورس مکمل کرنے والے سٹوڈنٹس کے اعزاز میں ایک منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے، چوہدری شیر علی خان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب میں وفاقی چیئرمین قائمہ کمیٹی ‘ ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان‘ رُکن صوبائی اسمبلی ملک جاوید اقبال اعوان ‘ چیف انسپکٹر آف مائنز پنجاب محمد صدیق چوہدری ‘ انجینئر ریسکیو سپرنٹنڈنٹ خوشاب محمد کبیر‘ محکمے کے دیگر افسران‘ مائنز اونرز اور سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طالبعلم شریک تھے،صوبائی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جب برسراقتدار آئی تو اسے دہشت گردی اور توانائی کے بحران کا سامنا تھا، لہذا وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی حکمت عملی ،افواجِ پاکستان و دیگر ایجنسیوں کے ذریعے دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پایا گیا نیز بجلی کے بحران میں بھی کافی حد تک کمی لائی گئی اور انشاء الله 2018ء تک بجلی کے بحران کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا، اُنھوں نے کہا کہ چائنہ اقتصادی راہداری سے ملک کے نوجوانوں کو روزگار مہیا ہوگا اور یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ٹریننگ حاصل کرنے والے نوجوان بھی اس سے بھرپور مستفید ہو سکیں گے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ مائننگ کے شعبہ میں جدید مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے اور پرانے سسٹم کو نئے سسٹم میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اُنھوں نے مائنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت مختلف شعبہ جات میں ہنر حاصل کرنے کے پروگرام کو خوش آئند قرار دیا۔ رُکن صوبائی اسمبلی ملک جاوید اقبال اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ پروگرام سی پیک منصوبہ کی ایک کڑی ہے جس کے تحت یہ ہنر مند افراد سی پیک اور چائنہ راہداری منصوبہ کے نئے پروگرامز میں اپنی بہتر خدمات سرانجام دے سکیں گے۔ چیف انسپکٹر آف مائنز پنجاب محمد صدیق اور انجینئر محمد کبیر نے یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کی افادیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ صوبائی وزیر نے مائنز پروگرام کے تحت کورسز مکمل کرنے والے طالبعلموں کو 15لاکھ روپے کے وظائف دیئے اور دورانِ کورس بہترین کارکردگی کے حامل طالبعلموں کو ٹرافیاں اور انعامات بھی دیئے۔