نئے سال 2017ء کے دوسرے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار

100 انڈیکس 587.27 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 48827.55 پوائنٹس پر بند

منگل 3 جنوری 2017 18:47

نئے سال 2017ء کے دوسرے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2017ء) نئے سال 2017ء کے دوسرے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس مزید 587.27 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 48827.55 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 77 ارب 41 کروڑ 81 لاکھ 44 ہزار 196 روپے کا اضافہ ہوگیا جبکہ تجارتی حجم میں بھی 8 ارب 41 کروڑ 87 لاکھ 71 ہزار 572 روپے کی تیزی ریکارڈ کی گئی، اسی طرح خرید و فروخت میں 12 کروڑ 45 لاکھ 76 ہزار 400 حصص کا اضافہ رونماء ہوا۔

تفصیلات کے مطابق نئے سال 2017ء اور کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو بھی پی ایس ایکس میں تیزی کا سلسلہ جاری رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 48300، 48400، 48500، 48600، 48700 اور 48800 پوائنٹس کی چھ بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے مزید 587.27 پوائنٹس کے اضافے سے 48827.55 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ 100 انڈیکس پیر کو بھی 433.31 پوائنٹس کی تیزی سے 48240.28 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، منگل کو کے ایس ای 30 انڈیکس 480.32 پوائنٹس کے اضافے سے 26624.60 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

مارکیٹ میں اتار چڑھائو کے بعد کے ایس سی آل شیئر انڈیکس 264.07 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 1714.25 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کی وجہ سے بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 106.83 پوائنٹس کے اضافے سے 21066.52 پوائنٹس پر جاپہنچا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 507.19 پوائنٹس کی تیزی سے 19375.08 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مزیدبرآں پی ایس ایکس - کے ایم آئی انڈیکس 233.85 پوائنٹس کے اضافے سے 23060.39 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 430 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 208 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 199 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 23 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 150 روپے کے اضافے سے 6000 روپے پر بند ہوئی۔

اسی طرح رفحان میز پروڈکٹس کے حصص کی سودے بھی 90.01 روپے کی تیزی سے 8590 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی سانوفیل ایونٹس اور کالگیٹ پام اولیو کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمت 71.03 روپے کی مندی سے 2888.68 روپے اور کالگیٹ پام اولیو کے حصص کی قیمت بھی 50 روپے کی کمی سے 1750 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار دوست اسٹیل لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 6 کروڑ 17 لاکھ 65 ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 13.70 روپے سے شروع ہو کر 13.29 روپے پر بند ہوئی جبکہ کے الیکٹرک لمیٹڈ کے 2 کروڑ 88 لاکھ 63 ہزار 500 حصص کے سودے 9.55 روپے سے شروع ہو کر 9.52 روپے بند ہوئے۔

مجموعی طور پر 50 کروڑ 12 لاکھ 64 ہزار 170 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 27 ارب 17 کروڑ 84 لاکھ 14 ہزار 875 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 97 کھرب 17 ارب 42 کروڑ 40 لاکھ 14 ہزار 624 روپے سے بڑھ کر 97 کھرب 94 ارب 84 کروڑ 21 لاکھ 58 ہزار 820 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 135 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی اور 13 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی رہی جبکہ 6کروڑ 53 لاکھ 13 ہزار 500 حصص کا کاروبار ہوا۔

متعلقہ عنوان :