پاکستان اسٹاک ایکسچینج ،کے ایس ای 100 انڈیکس 433.31 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 48240.28 پوائنٹس پر بند

پیر 2 جنوری 2017 21:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2017ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 433.31 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 48240.28 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 88 ارب 90 کروڑ 96 لاکھ 42 ہزار 603 روپے کا اضافہ ہوگیا تاہم تجارتی حجم میں 11 کروڑ 89 لاکھ 40 ہزار 333 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، اسی طرح خرید و فروخت میں بھی 1 کروڑ 6 لاکھ 13 ہزار 260 حصص کی مندی رونماء ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق نئے سال 2017ء کے آغاز اور کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 433.31 پوائنٹس کے اضافے سے 48240.28 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 292.57 پوائنٹس کی تیزی سے 26144.28 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

مارکیٹ میں اتار چڑھائو کے بعد کے ایس سی آل شیئر انڈیکس 303.27 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 252.77 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کی وجہ سے بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 448.71 پوائنٹس کے اضافے سے 20959.69 پوائنٹس پر جاپہنچا تاہم آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 67.29 پوائنٹس کی کمی سے 18867.89 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دریں اثناء پی ایس ایکس - کے ایم آئی انڈیکس 149.66 پوائنٹس کی تیزی سے 22826.54 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 423 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 258 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 145 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 20 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سب سے زیادہ تیزی ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 183.50 روپے کے اضافے سے 4905.25 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح نیسلے پاکستان کے حصص کی سودے بھی 137.50 روپے کی تیزی سے 9137.50 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی رفحان میز پروڈکٹس اور بھنیرو ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ رفحان میز پروڈکٹس کے حصص کی قیمت 264.37 روپے کی مندی سے 8499.99 روپے اور بھنیرو ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت بھی 30 روپے کی کمی سے 760 روپے رہ گئی۔

سب سے زیادہ کاروبار کے الیکٹرک لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 4 کروڑ 38 لاکھ 6 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 9.37 روپے سے شروع ہو کر 9.52 روپے پر بند ہوئی جبکہ دوست اسٹیل لمیٹڈ کے 3 کروڑ 15 لاکھ 23 ہزار 500 حصص کے سودے 12.34 روپے سے شروع ہو کر 13.12 روپے بند ہوئے۔ مجموعی طور پر 37 کروڑ 66 لاکھ 87 ہزار 770 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 18 ارب 75 کروڑ 96 لاکھ 43 ہزار 303 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 96 کھرب 28 ارب 51 کروڑ 43 لاکھ 72 ہزار 21 روپے سے بڑھ کر 97 کھرب 17 ارب 42 کروڑ 40 لاکھ 14 ہزار 624 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 135 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 12 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور 1 کمپنی کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا جبکہ 5کروڑ 17 لاکھ 61 ہزار 500 حصص کا کاروبار ہوا۔

متعلقہ عنوان :