Live Updates

کراچی پاکستان کا چہرہ ہے ،مشترکہ کوششوں کے ذریعہ شہر کو بہتر بنایا جائے گا،سردار ایاز صادق

نیشنل ایکشن پلان پاکستان کی کامیابی ہے،توسیع ہونی چاہئے،حکومت نے کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں پاناما کا معاملہ عدالت میں ہے ،عدالتی فیصلوں کا سب کو احترام کرنا ہوگا ،آصف زرداری کو ایوان میں خوش آمدید کہوں گا سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی کیلئے اہم ،آنے والی نسلیں استفادہ حاصل کریں گی،تحریک انصاف کو مجھ سے شکایت ہے تو اس میں میرا کیا قصور ہے ،میرا عہدہ آئینی ہے کسی ذات کی وجہ سے یہ سیٹ مجھے نہیں ملی،ذوالفقار مرزا اور ساجد احمد سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 2 جنوری 2017 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2017ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا چہرہ ہے ۔مشترکہ کوششوں کے ذریعہ شہر کو بہتر بنایا جائے گا ۔نیشنل ایکشن پلان پاکستان کی کامیابی ہے ۔اس پلان میں توسیع ہونی چاہئے ۔حکومت نے کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں ۔پاناما کا معاملہ عدالت میں ہے ۔

عدالتی فیصلوں کا سب کو احترام کرنا ہوگا ۔بحیثیت اسپیکر آصف علی زرداری کو ایوان میں خوش آمدید کہوں گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی ساجد احمد کی والدہ اور بھائی اور بعد ازاں ذوالفقار مرزا کی والدہ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں یہاں ڈاکٹرذوالفقار مرزا سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے آیا ہوں اس لیے سیاست سے دور رہنا چاہتا ہوں ۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری کے ذریعے 20 سال پہلے ڈاکٹر ذولفقار مرزاسے ملاقات ہوئی تھی۔ان سے میرا پرانا تعلق ہے ۔انہوںنے کہا کہ اگلے انتخابات میں کسی بھی جماعت کی کامیابی اس کی کارکردگی سے مشروط ہوگی ۔سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی کے لیے اہم ہے ۔آنے والی نسلیں اس سے استفادہ حاصل کریں گی ۔ اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کے حوالے سے چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کے چین جانے سے منصوبہ مزید کلیئر ہوا ہے۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کو مجھ سے شکایت ہے تو اس میں میرا کیا قصور ہے ۔عوام نے دومرتبہ مجھے منتخب کرکے اسمبلی میں بھیجا ہے ۔جو مجھے اسپیکر نہیں مانتے اسکا مطلب ہے کہ انہوں نے جو حلف اٹھایا وہ اسکی پاسداری نہیں کرتے ہیں ۔ میرا عہدہ آئینی ہے کسی ذات کی وجہ سے یہ سیٹ مجھے نہیں ملی۔انہوںنے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی جمہوریت کی مضبوطی ہے ۔

پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے وقت کے ساتھ ساتھ ادارے مضبوط ہونگے ۔پارلیمینٹ نے آئین و قانون کی بالادستی کا علم ہمیشہ بلند رکھا ہے ۔2013 سے اب تک بہت مرحلے اسے آئے جب انگلیاں اٹھائی گئیں مگر ادارے اپنا کام کرتے رہیں گے۔بلاول بھٹو یا آصف زرداری جو بھی منتخب ہوکر آئے گا ویلکم کروں گا ۔ یہ ملک و قوم کے مفاد میں ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان سے متعلق فیصلہ حکومت کرے گی ۔

نیشنل ایکشن پلان سے سب کو فائدہ ہوا ہے ۔ ایک اچھے پلان کی مدت میں توسیع ہونا سب کے مفاد میں ہوگا ۔نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے ۔ احتساب سے متعلق قومی اسمبلی اور سینٹ کی مشترکہ کمیٹی بنائی جائے گی۔ یہ کمیٹی قانون سازی سے متعلق فیصلے کرے گی، حکومتی نام آگئے ہیں، اپوزیشن کے باقی ہیں۔ پارلیمنٹ کی مدت ایک سال کم کرنے کی مدت کا فیصلہ نہیں ہوا صرف غور کیا گیا تھا۔

انہوںنے کہا کہ 2018کے انتخابات سے قبل تمام جماعتیں پارلیمنٹ کی اصلاحاتی کمیٹی کا حصہ ہیں ۔کسی کو دھاندلی کے حوالے سے انگلی اٹھانے کا موقع نہیں ملے گا ۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاناما کا معاملہ عدالت طے کرے گی ۔سب کو عدالت کے فیصلے کا احترام کرنا ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ کراچی پاکستان کا چہرہ ہے ۔کراچی کی بہتری کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔

کراچی کی ترقی سے ملک کی ترقی وابستہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن ریفارمز کی سب کمیٹی نے مین کمیٹی کو اپنا ڈراف جمع کرادیا ہے جسے بہت جلد قومی اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی طرف سے جو بھی سفارشات ہوں گی ان پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے رکن قومی اسمبلی ساجد احمد اور ان کے اہل خانہ سے ان کی والدہ اور بھائی کے انتقال پر تعزیت کی اور درجات کی کی بلندی کے لئے دعا کی۔ بعد ازاں ذوالفقار مرزا کی رہائش گاہ پر جاکر ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی۔ اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا بھی موجود تھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات