رانا مشہود احمد خاں کی بلدیاتی حکومتوں کے سربراہوں کو حلف برداری پر مبارکباد

بلدیاتی نظام کے فعال ہونے سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ‘صوبائی وزیر

پیر 2 جنوری 2017 16:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2017ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے پنجاب بھر میں بلدیاتی حکومتوں کے سربراہوں کو انکے عہدوں کا حلف اٹھانے پرمبارکباد دی اور کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق بلدیاتی نظام کے فعال ہونے سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اپنے تہنیتی پیغام میں لارڈ مئیر ز،مئیرز،ڈپٹی مئیرز،چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

عوام کی خدمت کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ اور ایجوکیشن اتھارٹیز میں آبادی کے لحاظ سے مقامی کونسلرز کو نمائندگی دی گئی ہے۔جس سے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔رانا مشہود احمد خاں نے امید ظاہر کی کہ بلدیاتی ادارے موثر انداز میں شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کریں گے۔