شام میں جنگ بندی کی خلاف ورزی،جھڑپ میں ایرانی جنرل ہلاک

پاسداران انقلاب کے ماتحت ملیشیااور اسدی فوج نے دمشق میں لڑائی کا سلسلہ جاری رکھاہوا ہے،ایرانی مزاحمتی کونسل

پیر 2 جنوری 2017 12:40

شام میں جنگ بندی کی خلاف ورزی،جھڑپ میں ایرانی جنرل ہلاک

حلب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2017ء) شام میں ایرانی پاسداران انقلاب اور اس کے ماتحت شیعہ ملیشیاؤں نے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں شروع کردیں اورتازہ لڑائی میں ایک ایرانی جنرل ہلاک ہوگیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دمشق کے قریب جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ایک ایرانی فوجی جنرل کو ہلاک کردیا گیا۔ مقتول ایرانی فوجی افسر کی شناخت بریگیڈیئر جنرل غلام علی قلی زادہ کے نام سے کی گئی ۔

قلی زادہ ایرانی پاسداران انقلاب کا اہم فوجی افسر رہا ہے اور وہ عراق، ایران جنگ میں بھی حصہ لے چکا ہے۔ حال ہی میں دمشق کے قریب شامی اپوزیشن کے ساتھ جھڑپ کے دوران اس کی موت واقع ہوئی۔ادھر ایرانی اپوزیشن کی نمائندہ قومی مزاحمتی کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاکہ ایرانی پاسداران انقلاب کے ماتحت ملیشیاؤں اور اسدی فوج نے شمال مشرقی دمشق میں ’وادی بردی‘ میں لڑائی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

(جاری ہے)

اسدی فوج اور اس کے حامی جنگجو گروپوں نے 29 اور 30 دسمبر کو دوبارہ جنگ چھیڑنے کی کوشش کرتے ہوئے وادی بردی میں فضائی بمباری کی گئی تھی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شامی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طے پانے والے امن سمجھوتے میں وادی بردی کا علاقہ بھی شامل ہے۔ اس علاقے کی آبادی ایک لاکھ افراد سے زیادہ ہے۔ یہاں جیش الحر کی حامی مقامی اپوزیشن فورسز کے جنگجو بھی موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :