ملک کی معاشی ترقی کیلئے سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مزید بہتر بنایا جائے گا، ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفرحجازی کا افسروں سے خطاب

اتوار 1 جنوری 2017 20:00

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2017ء) ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفرحجازی نے کہا ہے کہ 2016 ء ان کے ادارے کیلئے عظیم کامیابیوں کا سال تھاکیونکہ اس میں کیپٹل مارکیٹ اورکارپوریٹ سیکٹر میں بہت ترقی ہوئی، نئے سال میں ادارہ اس سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

وہ ایس ای سی پی کے افسروں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں سٹاک ایکس چینجوں کو کامیابی سے ڈی میوچلائز کیا گیا اور پھر ان تینوں کے انضمام سے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس ) کی تشکیل عمل میں لائی گئی، اس سے سرمایہ کاروں‘ لسٹڈ کمپنیوں اور مارکیٹ انٹرمیڈئریز کو بہت فائدہ ہوا، آج پاکستانی سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کو ایشیا بھر میں پہلا درجہ حاصل ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

اسی کے باعث عوام کو یہ خوش خبری بھی مل چکی ہے کہ چینی ایکسچینجوں اور ملکی مالیاتی اداروں کے کنسورشیئم نے پی ایس ایکس کے چالیس فیصد حصص اور مینجمنٹ کنڑول حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ای سی پی نے اپنے آپ کو ایسے ادارے کے طور پر منوالیا ہے جس کی کارکردگی بہترین ہے اور جہاں بہترین صلاحیتوں والے لوگ کام کرتے ہیں۔ یہاں کے ملازمین کو پرکشش تنخواہیں‘ مراعات اور ترقی کے مواقع مہیا کئے جاتے ہیں۔

نئے سال کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں انفورسمنٹ زیادہ تن دہی سے کی جائے گی‘ قوانین کے میدان میں مزید بہتری لائی جائے گی اور کاروبار کرنے کو آسان بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سال کی کامیابیاں پچھلے سال سے زیادہ ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :