کشمیریوں نے بھارت کا غاصبانہ قبضہ مسترد کردیا ہے،جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

ہفتہ 31 دسمبر 2016 22:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 دسمبر2016ء) جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کا غاصبانہ قبضہ مسترد کردیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کی سازش پہلے کی طرح ناکام رہے گی۔ تعلیمات نبویؐ کو ترک کرنے کی وجہ سے مسلم ممالک میں دشمن قوتوں کو کھل کھیلنے کا موقع ملا ہے۔

مسلمانوں پر مظالم کا حل آج بھی وہی ہے جو رسول اللہؐ نے چودہ سو سال قبل مشرکین مکہ کی شرانگیزیوں کے خلاف اختیار کیا تھا۔ سیرت نبویؐ کو مشعل راہ بناتے ہوئے معاشرے کی اصلاح اور تربیت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ فرقہ واریت اور گروہ بندیوں سے امت مسلمہ کا شیرازہ بکھر کر رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

احکاماتِ الٰہیہ پر عمل کیے بغیرگمراہیوں کے یہ سلسلے ختم نہیں ہوں گے۔ عوام اور حکمران اگر رسول اللہؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں تو دہشت گردی اور ظلم و تشدد کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ موجودہ دور میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کے لیے تعلیمات نبوی سے رہنمائی لینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام نے زندگی کے ہر موڑ پر سیرت رسول کو مقدم رکھا، تو اللہ نے انہیں فتوحات سے نوازکر آدھی دنیا پر حکمرانی کا شرف بخشا۔

ماضی کی شاندار فتوحات جہاد فی سبیل اللہ کے ذریعے سے ہی مسلمانوں نے حاصل کیں ہیں۔ اسلام مخالف قوتیں مسلمانوں کے جذبہ جہاد سے پریشان ہیں۔ جہاد کے مفہوم کو غلط انداز سے پیش کرکے مسلمانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مسلمان پہلے بھی دنیا میں امن چاہتے تھے اب بھی ان کی جدوجہد کا مقصد دنیا سے ظلم کا خاتمہ کرکے امن و انصاف کی فضا قائم کرنا ہے۔