اوگرا کی سمری مسترد،حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ 15 روز بعد ہو گا، قیمتیں برقرار رکھنے کی مد میں حکومت 4 ارب روپے کا بوجھ برداشت کریگی، سینیٹر اسحاق ڈار

ہفتہ 31 دسمبر 2016 19:14

اوگرا کی سمری مسترد،حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2016ء) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ 15 روز بعد ہو گا ،ْ قیمتیں برقرار رکھنے کی مد میں حکومت 4 ارب روپے کا بوجھ برداشت کریگی۔ ہفتہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈارنے کہاکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 15جنوری تک برقرار رہیں گی ،ْجائزہ لیں گے کہ قیمتوں کا تعین15 روز بعد یا ماہانہ بنیاد پر ہونا چاہیے انہوںنے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کی مدت کاازسرنوجائزہ لیں گے تاہم لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں جنوری میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائیگا۔انہوںنے کہاکہ قیمتیں برقرار رکھنے کی مد میں حکومت 4 ارب روپے کا بوجھ برداشت کریگی۔یاد رہے کہ اوگرا کی جانب سے وزارت پٹرولیم کو ارسال کی گئی سمری کو بھی منظور نہیں کیا گیا۔ سمری میں مٹی کا تیل 6 روپے 93 پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی ۔علاوہ ازیں ہائی سپیڈ ڈیزل 3 روپے 94 پیسے، لائٹ ڈیزل 3 روپے 48 پیسے اور پٹرول 31 پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔