معاشرہ کی اصلاح انتہاپسندی ،دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے علماء کو بنیادی کرداراداکرنا ہے‘ طاہر محمود اشرفی

محراب ومنبر ہی عوام الناس کے رویوں میں تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے، غیر مسلموں کے حقوق کیلئے علماء اسلام نے ہمیشہ مثبت کرداراداکیا ہے‘ چیئرمین پاکستان علماء کونسل کی علما ء طلباء کے تربیتی کنونشن سے خطاب

ہفتہ 31 دسمبر 2016 18:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2016ء) معاشرہ کی اصلاح انتہاپسندی ،دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے علماء کو بنیادی کرداراداکرنا ہے، محراب ومنبر ہی عوام الناس کے رویوں میں تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے، غیر مسلموں کے حقوق کیلئے علماء اسلام نے ہمیشہ مثبت کرداراداکیا ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی علماء ،طلباء کے تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس مو قع پر مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،مولانا ایوب صفدر،مولانا اسد اللہ فاروق،مولانا عبد الحکیم اطہر،مولانا اسلم قادری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرداور انتہاپسند جماعتوں اور گروہوں نے اسلام کو بدنام کیا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام امن ،سلامتی ،رواداری کا درس دیتا ہے۔دہشت گردوںاور انتہاپسندوں کا دہشت گردی سے بڑا جرم اسلام کو دہشت گردی اور انتہاپسندی سے جوڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بغیر تحقیق اورعلم کے فتوے جاری کرنے کے رجحان کو علماء کو روکنا ہوگا۔ پاکستان علماء کونسل نے عوام الناس کی رہنمائی کیلئے لاہور میں دار الافتاء پاکستان کا پہلا مرکز قائم کردیا ہے جو انشاء اللہ 15جنوری 2017؁ء سے فعال ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس عربیہ کے طلباء ،اساتذہ ،آئمہ اور خطباء کو عصرحاضر کے تقاضوں اور علوم سے آگاہی حاصل کرنی چاہئے۔

پاکستان علماء کونسل نے ہر سطح پر اسلام اور پاکستان کے حوالہ سے پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلموں کے حقوق کے حوالہ سے علماء اسلام نے ہمیشہ مثبت کرداراداکیا ہے۔ بین المذاہب مکالمہ کا مقصد اپنے اپنے دین پر رہتے ہوئے دوسروں کے عقائد اور مقدسات کا احترام کرنا ہے۔پاکستان میں موجود غیر مسلموں کے حقوق کا آئین پکستان نے تعین کررکھا ہے ۔کوئی گروہ یاجماعت ان کو اس حق سے محروم نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کا لجز اور یونیورسٹیز کے طلباء کیلئے اصلاحی پروگرامز کا سلسلہ شروع کرے گی۔

متعلقہ عنوان :