کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو کم کرنے کی بھارتی سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حریت رہنما

پیپلزڈیموکریٹک پارٹی، نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور دیگر بھارت نواز جماعتیں اپنے حقیر مفادات کی خاطر مذموم بھارتی منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہیں،پیر سیف اللہ،راجہ معراج الدین،حافظ بشیر احمد فاروقی ،بشیر احمد قریشی ،محمد یوسف و دیگر کا خطاب

ہفتہ 31 دسمبر 2016 13:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو کم کرنے کی بھارتی سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ پیپلزڈیموکریٹک پارٹی، نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور دیگر بھارت نواز جماعتیں اپنے حقیر مفادات کی خاطر مذموم بھارتی منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تحریک حریت جموں وکشمیر کے رہنمائوں پیرسیف اللہ، راجہ معراج الدین، حافظ بشیر احمد فاروقی، بشیر احمد قریشی، محمد یوسف مکرو، مدثر ندوی، محمد امین آہنگر اور غلام حسن شاہ نے حیدرپورہ، کھمبر حضرتبل، لولو پورہ بڈگام، پانتہ چھوک، گاشری پورہ ونپوہ، شیو پورہ، کلورہ شوپیان اور بومئی سوپور میں عوامی اجتماعات سے خطاب میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور دیگر ہندو انتہا پسند جماعتیںایک عرصے سے جموںو کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کوبگاڑے کی سازشوں میں مصروف ہیںاور اس سلسلے میں انہیں مقبوضہ علاقے کی بھارت نواز جماعتوں کا مکمل تعاون حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ یہ جماعتیں جموںوکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مضبوط بنارہی ہیںاور بیگناہ شہریوں کے قتل عام میں برابر کی شریک ہیں۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہداء کے مشن کو کسی صورت رائیگاںنہیں جانے دیں گے اور وہ جموں وکشمیر کی شناخت ، سا لمیت اور اس کی مخصوص ہیئت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی سازش کو ناکام بنادیں گے۔