امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو فون، پاکستان کے معاشی اشاریوں میں بہتری کی تعریف کی

وزیر خزانہ نے امریکی وزیر خارجہ کو حالیہ معاشی ترقی اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کی صورتحال سے آگاہ کیا

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو فون کیا اور پاکستان کے معاشی اشاریوں میں بہتری کی تعریف کی۔ وزیر خزانہ نے انہیں حالیہ معاشی ترقی اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین سالوں کے دوران تمام معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میکرو اقتصادی استحکام کے بعد اب جامع معاشی ترقی اور زیادہ پائیداری کے حصول پر توجہ مرکوز ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی معاشی بحالی پر پاکستان کے وزیر خزانہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ عالمی بینک کے صدر نے انہیں سندھ طاس معاہدہ پر بھارت کے خلاف پاکستان کی شکایت سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس مسئلہ کا خوش اسلوب حل چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی کمٹمنٹ ہے اور عالمی بینک کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بھارت اس معاہدہ کا احترام کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کروڑوں عوام کے آبی حقوق محفوظ ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ثالثی عدالت ایک قانونی تقاضا ہے اور عالمی بینک ثالثی عدالت کے چیئرمین کی تقرری کرے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی بینک کے صدر کا ان سے حالیہ ماہ میں تحریری اور ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی اصولی حمایت اور پاکستان کی قانونی حیثیت کی جانی چاہئے۔ وزیر خزانہ نے امریکی وزیر خارجہ کو مشرق وسطیٰ کے امن عمل اور فلسطینیوں کے حقوق سے متعلق ان کے حالیہ بیان کی تعریف کی۔