آم کے باغات کی گلوبل گیپ سرٹیفیکیشن کیلئے 3لاکھ روپے فی فارم وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی گروورز کو امداد دے گی،ڈاکٹر حمید اللہ

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:09

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 دسمبر2016ء) سرٹیفیکیشن انسنٹیو پروگرام (Certification Incentive Program) کے تحت آم کے باغات کی گلوبل گیپ سرٹیفیکیشن کیلئے 3لاکھ روپے فی فارم وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی گروورز کو امداد دے گی۔ یہ بات ڈاکٹر حمید اللہ ڈائریکٹر مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے سرٹیفیکیشن انسنٹیو پروگرام کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے شرکاء کو مزید بتایا کہ گروورز اور ایکسپورٹرز کیلئے سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود کا پیغام یہ ہے کہ امسال امریکہ میں مینگو برآمد کرنے کے مواقع بہت زیادہ ہیں کیونکہ امریکی ریاست اٹلانٹا میں اریڈیشن پلانٹ (Irridiation Plant) لگایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ہوائی کارگو اخراجات میں کمی کیلئے بھی حکومت اقدامات کررہی ہے تاکہ امریکہ کیلئے آم کی ایکسپورٹ کے حجم کو بڑھا کر کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے مینگو گروورز کو کہا کہ آم کے باغات میں آبپاشی اور نائٹروجنی کھادوں کے استعمال سے اجتناب کیا جائے اور گلی سٹری گوبر کی کھاد کے استعمال کو وسط جنوری تک موخر کردیا جائے۔ موجودہ موسمی حالات نے آم کے پودے کی خوابیدگی پر بھی نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں اگرچہ اس مرحلہ پر پودے پر کوئی بڑھوتری نظر نہیں آتی۔ امسال رات کے درجہ حرارت میں غیر متوقع زیادتی کی وجہ سے آم کی چند اقسام بالخصوص انور رٹول اور سندھڑی وغیرہ پر وقت سے پہلے ہی پھول نکل آئے ہیں۔

ان پھولوں کے نکلنے کی وجوہات میں غیر ضروری آبپاشی، باغات میں فصلات و چارہ جات کی کاشت، کھادوں کی زیادتی اور جڑی بوٹیوں کی موجودگی کلیدی کردار کی حامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں نکلے ہوئے شگوفوں کی موجودگی میں اگر بالفرض آبپاشی کرلی جائے تو پھول وقت سے پہلے نکلنا شروع ہوجائیں گے۔ اجلاس میں شاہین راجہ پراجیکٹ منیجر سرٹیفکیشن انسنٹیو پروگرام نے شرکا کو بتایا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت پورے پاکستان میں سرٹیفیکیشن پروگرام کی کامیابی کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرٹیفکیشن اور سٹینڈرڈز ہمیشہ فائدہ مند ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایم ای کے تحت ٹارگٹ ایریاز میں فوڈ سیکٹر، نان فوڈ سیکٹر اور سروسز سیکٹرز شامل ہیں۔ اجلاس میں چوہدری نصیر احمد ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت توسیع، عبدالغفار گرے وال انچارج مینگو ریسرچ اسٹیشن شجاع آباد، ڈاکٹر شفقت سعید، نوید عصمت کاہلوں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات، مظفر خان خاکوانی، ظفر مہے، زاہد حسین گردیزی، سمیت مینگو گروورز اور ایکسپورٹرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :