مولانا فضل الرحمن کی مولانا سمیع الحق سے اُنکی رہائش گاہ پر ملاقات ، ملک کی عمومی صورتحال زیر بحث آئی

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:08

مولانا فضل الرحمن کی مولانا سمیع الحق سے اُنکی رہائش گاہ پر ملاقات ..
نوشہرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 دسمبر2016ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے اکوڑہ خٹک میں جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر اور دفاعِ پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق سے اُنکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔مولانا فضل الرحمن بغیر کسی پروگرام اور اطلاع دیے بغیرمولاناسمیع الحق سے ملنے آئے۔ملاقات میں ملک کی عمومی صورتحال زیر بحث آئی۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق نے موجودہ حکمرانوں کی غیر اسلامی اقدامات ، مدارس کیساتھ امتیازی سلوک پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کیا۔ مولانافضل الرحمن اپنے استاد شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق رحمہ اللہ کے مزار پر بھی حاضری دی۔واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے تمام اسلامی علوم کی تعلیم دارالعلوم حقانیہ میں مکمل کی ہے۔وہ 9سال تک دارالعلوم حقانیہ میں زیر تعلیم رہے۔ ملاقات میں دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا انوارالحق صاحب، مولانا حامد الحق صاحب ، مولانا سید یوسف شاہ وغیرہ بھی موجود تھے۔