چوہدری جعفر اقبال اور عمر جعفر کی رحیم یا رخان میں خود کش حملہ کی مذمت

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:06

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی وہنما چوہدری محمد جعفر اقبال گجر اور رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد عمر جعفر نے رحیم یا رخان میں ہونے والے خود کش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت، فوج ، سیکورٹی اداروں اور پولیس کی قربانیوں اور کامیاب کاروائیوں کے باعث ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کر دیا گیا ہے اب مٹھی بھر افراد اپنی بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں جس کے لئے وہ کمزور ٹارگٹ کو نشانہ بنا رہے ہیں، قوم کو اپنی مسلح افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر فخر ہے اور ان کی قربانیوں کو ہم سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہونے دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یا رخان ایک پر امن اور محبتیں باٹنے والا ضلع ہے اس ضلع کے امن کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا آج جس طرح بزدل دہشت گردوں نے اس ضلع کے بہادر سپوت انچارج سی ٹی ڈی چوہدری محمد اشرف کو اپنی وحشت کا نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی ہے ہم اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے چوہدری محمد اشرف اور ان کے ساتھیوں کو اس حملہ میں محفوظ رکھا جبکہ دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ گیا۔انہوں نے خود کش حملہ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :