ایڈیشنل سیشن جج محمد جہانگیر اشرف کا سول جج عبدالرحمن کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل رحیم یار خان کا دورہ

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:06

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) ایڈیشنل سیشن جج رحیم یار خان محمد جہانگیر اشرف نے سول جج عبدالرحمن اور پراسیکیوٹر جاوید اقبال بھایا کہ ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل رحیم یار خان کا دورہ کیا۔انہوں نے جیل میں کچن ، ہسپتال، زنانہ و چلڈرن سمیت جیل کی مختلف بیرکوں کا معائنہ کیا اور اسیران کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث7ملزمان کی رہائی کے احکامات بھی جاری کئے۔تفصیل کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج محمد جہانگیر اشرف نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کرتے ہوئے مختلف بیرکوں کا معائنہ کیا اور اسیران سے مسائل دریافت کئے۔انہوں نے اسیران جیل کو فراہم کئے جانے والے کھانے کا معیار بھی چیک کیا جبکہ جیل ہسپتال اور ڈسپنسری کا خصوصی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ قیدیوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق تمام سہولیات میسر ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جیل میں صفائی سمیت دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیااس موقع پر انہوں نے معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث ملزمان محمد افتخارولد خوشی محمد، محمد اقبال ولد حضور بخش، عبدالجبار ولد غلام حسین، عبدالمالک ولد جام جلال، فیاض احمد ولد محمد شریف، محمد شریف و لد پیراں ڈتہ اور سلیم ولد نذیر احمد کی ذاتی مچلکوں پر رہائی کے احکامات جاری کئے اس موقع پر سول جج عبدالرحمن، پراسیکیوٹر جاوید اقبال بھایا ان کے ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل سیشن جج جب ڈسٹرکٹ جیل پہنچے تو ڈسٹرکٹ جیل کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اظہر جاوید چیمہ، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس صبح صادق، غلام محی الدین اور احمد نواز نے ایڈیشنل سیشن جج کو ڈسٹرکٹ جیل کی مختلف بیرکوں، کچن اور ہسپتال کا معائنہ کرایا اور اسیران کو دی جانے والی سہولیات بارے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :