ْجیل میں قیدیوں کی اصلاح کرکے انہیں پرامن اور کارآمد شہری بنانا اصل فریضہ ہے ، کمشنرسبی

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:02

سبی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء)کمشنر سبی ڈویژن ڈاکٹر سعید احمد جمالی نے کہا ہے کہ جیل میں قیدیوں کو جیل مینوئل کے مطابق سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ،جیل میں قیدیوں کی اصلاح کرکے انہیں پرامن اور کارآمد شہری بنانا اصل فریضہ ہے ، عالمگیر ٹرسٹ اور سنگت ویلفیئر کی جانب سے قیدیوں میں گرم کمبل کی تقسیم صدقہ جاریہ ہے ،دکھی انسانیت کی خدمت ہی انسانیت کی معراج ہوتی ہے، سماجی تنظیمیں اگر حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات اٹھائیں تو مسائل میں کمی واقع ہوسکتی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل سبی میں عالمگیر ٹرسٹ کی جانب سے سنگت ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام قیدیوں میں گرم کمبل کی تقسیم کے موقع پر بات چیت میں کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ سپرٹنڈنٹ آف ڈسٹرکٹ جیل نوید الیاس،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حاجی میر دین محمد مری،اسسٹنٹ سپرٹنڈنٹ آف ڈسٹرکٹ جیل محمد اکبر ابڑو،طاہر علی ڈومکی،سنگت ویلفیئر سوسائٹی کے صدر میر حدث خان مری،سید غلام مصطفی شاہ بخاری،راجہ افتخار کیانی،ثناء اللہ گشکوری،احسان گشکوری ،بسمن مری و دیگر بھی موجود تھے ،قبل ازیں کمشنر سبی ڈویژن ڈاکٹر سعید احمد جمالی نے ڈسٹرکٹ جیل کے مختلف شعبوں ڈسپنسری،اسکول اور لنگر خانے کے علاوہ بیرکز کا بھی معائنہ کیا ،اس موقع پر انہوں نے قیدیوں کی سہولت کے لیے دو عدد الیکٹرک واٹرکولراور لنگر خانے کی تعمیر کا بھی اعلان کیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جیل کو عقوبت خانہ بنانے کی بجائے اسے معاشرتی اصلاح کا گہوارہ بنانا چاہیے اور جیل میں مقید قیدیوں کو جیل مینوئل کے تحت سہولیات فراہم کرنا جیل انتظامیہ کی ذمہ داریوں میں شامل ہے انہوں نے کہاکہ عالمگیر ٹرسٹ کے اشتراک سے سنگت ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے قیدیوں میں گرم کمبل کی تقسیم صدقہ جاریہ ہے اور جیلوں میں مقید قیدیوں کو شدید سردی میں گرم کمبل تقسیم کرکے قیدیوں کی مشکلات میں کمی لائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیمیں اگر حقیقی معنوں میں معاشرئے کے پسے ہوئے طبقے کی بحالی کے اقدامات اٹھائیںتو معاشرتی مسائل میں کافی حد تک کمی واقع ہو گی۔