سپورٹس بورڈ پنجاب کا ’’ٹرین دی ٹرینرز‘‘ پروگرام اختتام پذیر

نوجوانوں کے ٹیلنٹ نے متاثر کیا، غیرملکی ماہرین پاکستان میں سپورٹس کیلئے ماحول بہت عمدہ ہے، کوچز نے بہت شوق اور دلجمعی سے حصہ لیا، ہمارا دورہ سپورٹس بورڈ پنجاب یادگار رہا، بیورلے برٹن، برائن سٹیل سپورٹس بورڈ پنجاب نے کوچز کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کیلئے غیرملکی ماہرین کو مدعو کیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کا اختتامی تقریب سے طاب

جمعہ 30 دسمبر 2016 21:26

سپورٹس بورڈ پنجاب کا ’’ٹرین دی ٹرینرز‘‘ پروگرام اختتام پذیر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 دسمبر2016ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ٹرین دی ٹرینرز پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غیرملکی ماہرین بیورلے برٹن اور برائن سٹیل نے کہا ہے کہ تمام کوچز نے پروگرام میں دلجمعی اور شوق سے حصہ لیا، پاکستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے جس نے ہمیں متاثر کیا ہے، پاکستان میں سپورٹس کیلئے ماحول بہت عمدہ ہے، ٹرین دی ٹرینرز پروگرام میں ہم نے مشاہد ہ کیا ہے کہ پاکستان کے کوچز میں سیکھنے کا بہت شوق ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کوچز کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کیلئے غیرملکی ماہرین کو مدعو کیا ہے تاکہ وہ کھلاڑی کی بہترین تربیت کرسکیں، کوچز نے جس شوق اور لگن سے پروگرام میں حصہ لیا اس سے ہمیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری آئے گی، جمعہ کو سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ٹرین دی ٹرینرز پروگرام کی اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس میں غیرملکی ماہرین بیورلے برٹن اور برائن سٹیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر کو چز کو تربیت دینا بہت اچھا لگا ہے، کوچز نے بہت شوق سے پروگرام میں حصہ لیا جس پر ہمیں خوشی ہے کہ ہمارا مقصد پورا ہوگیا، پاکستان میں سپورٹس کا ماحول بہت عمدہ ہے، پاکستان کے لوگ سپورٹس سے محبت کرنے والے ہیں ، پاکستانیوں کے ٹیلنٹ میں کوئی کمی نہیں ہے، کرکٹ میں پاکستان کا نام سرفہرست ہے ، نوجوانوں کے ٹیلنٹ نے ہمیں بہت متاثر کیا ہے ، سپورٹس بورڈپنجاب کا ہمارا پہلا دورہ بہت ہی یادگار رہا ہے، ہماری بہت اعلیٰ مہمان نوازی کی گئی،ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کوچز کو غیرملکی ماہرین کے تجربے سے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا چاہئے، غیرملکی ماہرین کو بلانے کا واحد مقصد صرف یہی تھا کہ ہمارے کوچز کو بین الاقوامی سطح پر ہونیوالی تبدیلیوں اور ٹیکنالوجی سے آگاہی ہو اور وہ کھیل کے معیار کو بہتر بنا سکیں، انہوں نے کہاکہ جلد ہی کوچز کا ماسٹر ٹریننگ پروگرام بھی کرایا جائے گا تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے اور وہ کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرسکیں گے، تقریب کے اختتام پر ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے مہمانان گرامی بیورلے برٹن، برائن سٹیل اور ڈاکٹر سہیل سلیم کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے سوینئر ز دیئے، اس موقع پر مہمانان گرامی کو ان کے دورے کی تصاویر کی البم بھی پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

مہمانوں نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔قبل ازیں پروگرام کے آخری روز غیرملکی ماہرین بیورلے برٹن اور برائن سٹیل نے کوچز کو لیکچر دیا جس میں گروپ ڈسکشن بھی کی گئی، ماہرین نے کوچز کو کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری لانے اور ان کی خامیوں پر قابو پانے سے متعلق ٹپس بھی دیں۔

متعلقہ عنوان :