پی اے ایف وائٹ نے چیف آف ائیر سٹاف چیلنج پولو کپ جیت لیا، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی دی،کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات بھی تقسیم

جمعہ 30 دسمبر 2016 20:58

اسلام آباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 دسمبر2016ء) پی اے ایف وائٹ نے چیف آف ائیر سٹاف چیلنج پولو کپ جیت لیا۔راولپنڈی پولو کلب میںپچیسویں چیف آف ائیر سٹاف چیلنج پولو کپ 2016 کا فائنل ہوا۔ فائنل میںپی اے ایف وائٹ نے پی اے ایف بلیو کو04 کے مقابلہ میں05 گول سے شکست دے کر یہ سنسنی خیز میچ جیت لیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے جیتنے والی ٹیم کو چیف آف ائیر سٹاف چیلنج پولو کپ 2016کی ٹرافی دی۔

اس کے علاوہ کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات بھی تقسیم کئے۔پی اے ایف بلیو نے پہلے چکر سے ہی میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی جب انہوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئی03 گول سکور کئے۔ دوسرے چکرمیں پی اے ایف وائٹ نے ایک گول سکور کیا۔

(جاری ہے)

تیسرے چکر میں پی اے ایف وائٹ نے دو مزید گول کیے جبکہ پی اے ایف بلیو نے ایک گول کیا۔میچ کا چوتھا چکر اس وقت ڈرامائی صورت اختیار کر گیا جب قیصر ترمذی نے چکرکے آخری لمحات میں پی اے ایف وائٹ کی جانب سے چوتھا گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

میچ کے برابر ہونے کی صورت میں پانچواں چکر کھیلا گیا جس کے ابتدائی لمحات میں ہی پی اے ایف وائٹ نے پانچواں گول کر کے میچ جیت لیا۔پی اے ایف بلیو کے سکواڈرن لیڈر فہد عزیز اور پی اے ایف وائٹ کے ثاقب نے تین تین گول سکور کیے۔اس ٹورنامنٹ میں پی اے ایف وائیٹ ، پی اے ایف بلیو ، آرمی سروسز کور ،پریذیڈنسی باڈی گارڈ ، فنٹاسٹک فور اور ترکی کلب کی ٹیموں نے شرکت کی۔ فوج اور سول کے اعلیٰ عہدیداران اور شائقین کی بڑی تعداد نے فائنل میچ دیکھا۔پہلی مرتبہ چیف آف دی ائیر سٹاف چیلنج پولو کپ 1985 ئ میں منعقد ہوا اس کے بعد سے یہ ہر سال با قاعدگی سے ہو رہا ہے۔