آل کراچی محمد علی فٹبال، ینگ مسلم، مدینہ شہباز اور میٹروول اسٹار اگلے مرحلے میں داخل

جمعہ 30 دسمبر 2016 20:29

آل کراچی محمد علی فٹبال، ینگ مسلم، مدینہ شہباز اور میٹروول اسٹار اگلے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) ڈی ایف اے کراچی سینٹرل کے زیر اہتمام اور موسیٰ الیون ایف سی کے زیر نگرانی اپوا گرلز کالج گراؤنڈ کریم آباد پر جاری آل کراچی محمد علی میموریل فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید 3 میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ ینگ مسلم اورنگی کے نوجوان کھلاڑیوں نے اعظم نگر کے تجربہ کار کھلاڑیوں کا جم کر مقابلہ کیا اور اپنے شارٹ پاسز اور عمدہ بال کنٹرول کے ذریعے کسی بھی لمحہ انہیں حاوی ہونے کا موقع نہ دیا۔

تیسرے ہی منٹ میں دانش نے ینگ مسلم کیلئے گول داغ کر اپنی ٹیم کو پہلے 1-0کی برتری دلادی اور 17 ویں منٹ میں صغیر احمد نے دوسرا گول کرکے اعظم نگر کو سخت مشکلات سے دوچار کردیا۔ تاہم اگلے ہی منٹ محمد اکرم نے اعظم نگر کیلئے گول بنا کر میچ کو دلچسپ بنادیا۔

(جاری ہے)

وقفہ پر ینگ مسلم کے حق میں مقابلہ 2-1 تھا۔ وقفہ کے دوران مہمان خصوصی محمد زاکر خان، کوچ ، کراچی یونائیٹڈ فاؤنڈیشن کا تعارف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا گیا ۔

مہمان خصوصی نے ڈی ایف اے سینٹرل اور موسیٰ الیون فٹبال کلب کے آفیشلز کو دلی مبارکباد پیش کی کہ سب کے مشترکہ تعاون سے کراچی کی ٹیموں کو ایک شاندار ٹورنامنٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ڈی ایف اے سینٹرل کی منتخب باڈی دیگر گراؤنڈز پر بھی ٹورنامنٹس کے انعقاد کو یقینی بناکر جملہ کراچی کی ٹیموں کو متحرک کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا ۔ اعظم نگر نے میچ میں واپس آنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن ینگ مسلم کے جوانسال کھلاڑیوں نے برتری کے حصول کی کوششوں کو نہ صرف جاری رکھا بلکہ اعظم نگر کی ان تمام کوششوں کو بھی ناکام بنایا جو انہوں نے میچ کو برابر کرنے کیلئے کیں۔ فائنل وسل پر 2-1کی فیصلہ کن کامیابی کے ساتھ ینگ مسلم میدان سے باہر آئی۔

دوسرے میچ میںمدینہ شہباز بلدیہ کیخلاف غوثیہ اسپورٹس نیوکراچی قابل زکر کارکردگی پیش نہ کرسکی اور 5-0کی شکست ان کا مقدر بنی۔12ویں منٹ میں مدینہ شہباز کے اختر علی نے گول اسکور نگ کا آغاز کیا اور ہدایت الله نے تین منٹ بعد اپنی ٹیم کی برتری کو 2-0سے مستحکم کردیا۔ وقفہ پر غوثیہ اسپورٹس اور مدینہ شہباز کے ایک ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ کا سامنا کراکے کے ریفری راؤ فاروق نے میدان بدر کیا۔

وقفہ پر غوثیہ اسپورٹس 0-2 کے خسارے میں تھی۔ دوسرے ہاف میں بھی مدینہ شہباز کے کھلاڑیوں کا غلبہ رہا۔ ثاقب بلوچ نے 33ویں منٹ میں مدینہ شہباز کیلئے تیسر گول اسکور کیا اور تین منٹ بعد عتیق الله اپنی ٹیم کیلئے چوتھا گول کرنے میں کامیاب رہے۔ 50 ویں منٹ میں ثاقب بلوچ نے انفرادی دوسرا اور مجموعی طور پر 5واں گول اسکورکرکے مدینہ شہباز کو 5-0کی آسان کامیابی سے ہمکنار کردیا۔

تیسرے میچ میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کی نامور ٹیم چنیسر بلیو خلاف توقع میٹرول اسٹار سے ٹائی بریکر پر 6-5کی شکست سے دوچار ہوکر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ میچ کا آغاز انتہائی سنسنی خیز تھا جب دوسرے ہی منٹ میں عرفان خان نے میٹروول اسٹار کیلئے گول داغ کر چنیسر بلیو کے کھلاڑیوں کو دباؤ میں ڈال دیا ۔ لیکن میٹروول اسٹار کی یہ برتری صرف دو منٹ برقرار رہی اور چنیسر بلیو کے نعمان نے کارنر کک پر خوبصورت ہیڈر سے مقابلہ 1-1سے برابر کردیا ۔

مقررہ دورانیہ میں کسی بھی ٹیم کو برتری حاصل نہ ہوسکی اور میچ کو ٹائی بریکر پر فیصلہ کن بنایا گیا۔جہاں میٹروول اسٹار کے عرفان خان ، عمار علی گوندل، شمس تاج، مزمل حسین اورعمران خان نے درست نشانہ بازی کی جبکہ چنیسر بلیو کیلئے نعمان، دانش ، محمود اور شرجیل اور فرید ہی گیند کو جال میں ڈال سکے۔ریفری راؤ محمد فاروق، نور عالم، محمد صابر، دلدار حسین، بابر نسیم جبکہ میچ کمشنر سید خورشید علی شاہ اور نور اسلام تھے۔

متعلقہ عنوان :