سیاسی وابستگیوں سے بالاترہوکرعوام کی خدمت کرونگا ، دیوان عباس بخاری

جمعہ 30 دسمبر 2016 19:45

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء)ضلع کونسل ملتان کے نومنتخب چیئرمین دیوان عباس بخاری نے کہا ہے کہ ملتان کی عوام کی خدمت ان کی پہلی ترجیح ہے اوراپنے دوراقتدار کے دوران وہ سیاسی وابستگیوں اورذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوںنے جمعہ کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوںنے اس عزم کااظہارکیاکہ وہ لوگوں کے مسائل جاننے کے لئے ہر فورم پر جائیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ سیاسی مخالفین کوبھی مشاورت میں شامل رکھوں گا تاکہ ضلع کے مسائل حل ہوسکیں اورملتان کی ترقی ،عوام کی فلاح وبہبود کا کام تیزی سے آگے بڑھے۔انہوں نے کہاکہ میں اس منصب پر اللہ کی رضا اور مسلم لیگ(ن) کی حمایت سے پہنچا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ میں کسی بھی ترقیاتی منصوبے کے آغاز سے پہلے پارٹی کی رائے لوں گا اوراس کی حمایت سے ان منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سیوریج اور پینے کے صاف پانی کامسئلہ کئی عشروں سے حل نہیں ہو سکا اوریہ اس وقت اس خطے کے یہی سب سے بڑے مسائل ہیں۔انہوںنے کہاکہ خاص طورپر میرے حلقے این اے 153 جلالپور پیروالہ کے لوگ بھی اس مسئلے سے بری طرح متاثرہوئے ہیں۔میں سیوریج لائنوں پر فوری توجہ دونگا جوٹوٹ پھوٹ کاشکارہیں۔سیاسی مخالفین کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ اگرچہ انہوںنے میرے کاغذات نامزدگی کو مختلف فورمز پر چیلنج کیا تاہم میری خواہش ہو گی کہ اپوزیشن بھی ضلع کے مسائل کے حل کے لئے میرا ساتھ دے ۔

میں مخالفین کااحترام کرتا ہوں اورامید رکھتا ہوں کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے ترقیاتی کاموں میں سیاست نہیں کریں گے اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ بھی نہیں کی جائے گی۔ہمیں عام آدمی کے مسائل کے حل اور ملتان کی ترقی کے لئے تعمیری کرداراداکرنا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ میں ایک ایسے سیاسی خاندان سے تعلق رکھتا ہوں جو ہمیشہ سے ملتان کی سیاست میں فعال رہا۔

سو میں کسی بھی حلقے کی جانب سے کسی غیرضروری مطالبے پر بلیک میل نہیں ہونگا۔مجھے امید ہے کہ اپوزیشن بھی رکاوٹیں پیدا نہیں کرے گی۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ(ن) نے بلدیاتی اداروں کے نظام کو بحال کردیا ہے جوخوش آئندبات ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کواختیارات بھی دیئے جائیں تاکہ وہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کرسکیں۔