لطیف الزماں ملتان کی علمی ،ادبی اور تہذیبی شخصیت تھے،مقررین ادبی بیٹھک

جمعہ 30 دسمبر 2016 19:45

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) معروف ماہرتعلیم اور دانشور پروفیسر خالد سعید نے کہا ہے کہ لطیف الزماں خاں ملتان کی ایک علمی ،ادبی اور تہذیبی شخصیت تھے جنہوںنے اس شہر میں بہت خوبصورت روایات قائم کیں۔وہ کتاب سے محبت کرتے تھے،غالب کے چاہنے والے تھے اور انہوںنے اپنی تمام زندگی علم و ادب کے لئے مختص کی ۔ملتان میں ان کا ذخیرہ کتب اپنی مثال آپ تھا جوانہوںنے زکریایونیورسٹی کو عطیہ کیا۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے سخن ور فورم کے زیراہتمام ملتان آرٹس کونسل کی ادبی بیٹھک میں لطیف الزماںخاں کی برسی کے موقع پر ڈاکٹر ابرارعبدالسلام کی کتاب کی تعارفی تقریب سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر ابرارعبدالسلام نے لطیف الزماں خاں کے بارے میں ’’عارفِہ خستہ کے بغیر‘‘ کے نام سے ایک دستاویزمرتب کی ہے۔

(جاری ہے)

یہ کتاب ان کی زندگی کے تمام پہلوئوں کا احاطہ کرتی ہے اور وہ مستقبل قریب میں ان کے مزیدغیرمطبوعہ کام کو منظرعام پرلارہے ہیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر انور جمال نے کہاکہ لطیف الزماں خاں کو غالب اور رشید احمد صدیقی سے عشق تھا۔وہ غالب کے موضوع پر کتابوں کا نادر ذخیرہ رکھتے تھے اور ان سے کئی نسلوں نے استفادہ کیا ۔صاحب کتاب ڈاکٹر ابرارعبدالسلام نے کہاکہ لطیف الزماں خاں ایک بے باک قلم کارتھے ۔انہوںنے عمربھر کسی مصلحت سے کام نہ لیا اور اپنی صاف گوئی کی وجہ سے انہیں مسائل کاسامنا بھی کرناپڑا۔

ڈاکٹر صلاح الدین حیدر نے کہاکہ لطیف الزماں خاں مجھ سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔وہ محبت کرنے والے انسان تھے اور مجھے خوشی ہے کہ ڈاکٹر ابرار نے ان کے فن اورشخصیت پر خوبصورت کتاب ترتیب دی۔نامور ماہرتعلیم اوردانشور منیر ابن رزمی نے کہاکہ میں آج ایک ایسی ہستی کو خراج عقیدت پیش کرنے آیا ہوں جوملتان کی ا دبی زندگی کا معتبر حوالہ ہیں۔ان کے تذکرے کے بغیر ملتان کی ادبی تار یخ کبھی مکمل نہیں ہوسکتی۔افسوس اس بات کاہے کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر ایک تعلیمی ادارے نے ان کی وفات کے بعد ان کی ادبی خدمات کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی لیکن ڈاکٹر ابرار جیسی شخصیات غنیمت ہیں جو لطیف الزماں خاں کی محبتوں کا قرض خوبصورت انداز میں چکارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :