ْمیلبورن ٹیسٹ ،سلو اوور ریٹ پر کپتان مصباح الحق پر 40 فیصد ،کھلاڑیوں پر 20 فیصد جرمانہ عائد

جمعہ 30 دسمبر 2016 19:26

ْمیلبورن ٹیسٹ ،سلو اوور ریٹ پر کپتان مصباح الحق پر 40 فیصد ،کھلاڑیوں ..

میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی ٹیم کو سلو اوور ریٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کپتان مصباح الحق پر 40 فیصد اور قومی ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں پر 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا ۔آسٹریلیا کے خلاف میلبورن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم سلو اوور ریٹ کی مرتکب ہوئی اور مقررہ وقت کے لحاظ سے اپنے ہدف کے مقابلے میں دو اوورز پیچھے رہی۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے قوانین اور ضابطہ اخلاق کے مطابق فی اوور کے لحاظ سے کھلاڑی پر 10فیصد اور کپتان پر اس سے دگنا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔اس قانون کے لحاظ سے مصباح الحق پر میچ فیس کا 40 فیصد اور ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں پر 20فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔مصباح الحق نے اپنی غلطی تسلیم کر لی جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں بھی پاکستانی ٹیم سلو اوور ریٹ کی مرتکب قرار پائی تھی اور سال میں دو مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کرنے پر آئی سی سی نے مصباح الحق کو ایک میچ کیلئے معطل کردیا تھا۔اس معطلی کے سبب قومی ٹیم کے کپتان نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

متعلقہ عنوان :