میلبورن ٹیسٹ،آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ پر گرین شرٹس کو جرمانہ کردیا

کپتان مصباح الحق پر 40 فیصد اور قومی ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا

جمعہ 30 دسمبر 2016 17:39

میلبورن ٹیسٹ،آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ پر گرین شرٹس کو جرمانہ کردیا
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 دسمبر2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے پاکستانی ٹیم کو سلو اوور ریٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کپتان مصباح الحق پر 40 فیصد اور قومی ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں پر 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے۔آسٹریلیا کے خلاف میلبرن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم سلو اوور ریٹ کی مرتکب ہوئی اور مقررہ وقت کے لحاظ سے اپنے ہدف کے مقابلے میں دو اوورز پیچھے رہی۔

آئی سی سی کے قوانین اور ضابطہ اخلاق کے مطابق فی اوور کے لحاظ سے کھلاڑی پر 10فیصد اور کپتان پر اس سے دگنا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔اس قانون کے لحاظ سے مصباح الحق پر میچ فیس کا 40 فیصد اور ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں پر 20فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔مصباح الحق نے اپنی غلطی تسلیم کر لی جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں بھی پاکستانی ٹیم سلو اوور ریٹ کی مرتکب قرار پائی تھی اور سال میں دو مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کرنے پر آئی سی سی نے مصباح الحق کو ایک میچ کیلئے معطل کردیا تھا۔

اس معطلی کے سبب قومی ٹیم کے کپتان نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔یاد رہے کہ میلبورن میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سیریز گنوا چکی ہے جہاں میزبان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :