سندھ ہائیکورٹ نے شرجیل انعام میمن کی حفاظتی ضمانت میں توسیع سے متعلق دائر درخواست کی سماعت 6جنوری تک ملتوی کردی

جمعہ 30 دسمبر 2016 17:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی حفاظتی ضمانت میں توسیع سے متعلق دائر درخواست کی سماعت 6جنوری تک ملتوی کردی ہے۔جمعہ کوسندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل دو رکنی بینچ کی عدالت میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت مین شرجیل انعام میمن کے وکیل کی جانب سے شرجیل میمن کی حفاظتی ضمانت دوبارہ توسیع کئے جانے سے متعلق استدعا کی گئی۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے موکل کب واپس آئینگے بار بار ضمانت میں توسیع لے رہے ہیں۔ آپ کے موکل کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے شورٹی کی رقم بھی ضبط ہو رہی ہے۔ اگر شرجیل میمن نہیں چاہتے تو توسیع کی درخواست آپ واپس لے لیں اپنا پیسہ کا ضائع کیوں کر رہے ہیں آپ شرجیل میمن سے واضح ہدایت لے کر بتائیں کہ وہ واپسی کی کب ٹکٹ لیں گے اور کب لینڈ کریں گے۔

(جاری ہے)

بعدازاں عدالت نے شرجیل میمن کی حفاظتی ضمانت میں توسیع سے متعلق دائر درخواست کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی۔ واضح رہے بار بار توسیع لینے پر شرجیل میمن پر 15 لاکھ کا جرمانہ بھی عائد ہع چکا ہے۔ عدالت نے یکم دسمبر کو شرجیل میمن کی حفاظتی ضمانت میں آخری 26 دسمبر تک مہلت دی تھی۔