آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان ، اظہر علی کپتان برقرار ،محمد عرفان ایک مرتبہ پھر جگہ بنانے میں کامیاب

کامران اکمل سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام ، احمد شہزاد کی بھی واپسی نہیں ہو سکی ،بالنگ ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود محمد حفیظ کو بھی کینگروز کے خلاف ون ڈے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا

جمعہ 30 دسمبر 2016 15:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2016ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، محمد عرفان ایک مرتبہ پھر جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ،ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردی کا مظاہرہ کرنے والے کامران اکمل سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ، ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹیم سے باہر ہونے والے احمد شہزاد کی بھی واپسی نہیں ہو سکی جبکہ بالنگ ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود محمد حفیظ کو بھی کینگروز کے خلاف ون ڈے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا ۔

آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لئے اظہر علی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، بابراعظم، شعیب ملک، اسد شفیق، عمر اکمل، سرفراز احمد (نائب کپتان)، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد نواز، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی، راحت علی اور محمد عرفان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی ٹیم میں شامل یاسر شاہ اور سہیل خان کو ڈراپ کیا گیا ہے ۔

فاسٹ بولر محمد عرفان ایک مرتبہ پھر جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ محمد عرفان آخری بار انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں ون ڈے کھیلے تھے جس میں انہوں نے جیسن روئے اور ایلکس ہیلز کی وکٹیں حاصل کی تھیں۔ لیکن صرف پانچ اوورز کرانے کے بعد ان فٹ ہوگئے تھے جس پر کوچ مکی آرتھر نے سخت ناراضی ظاہر کی تھی۔حال ہی میں محمد عرفان نے قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں واپڈا کی طرف سے کھیلتے ہوئے چار میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

قائداعظم ٹرافی کے بعد قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کامران اکمل سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔کامران اکمل نے قائداعظم ٹرافی میں پانچ سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سی1035 رنز بنائے تھے جبکہ وہ اب تک قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کے سات میچوں میں دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی بدولت 361 رنز بنا چکے ہیں۔

کامران اکمل ٹیم میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کی موجودگی میں بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلنے کی خواہش ظاہر بھی کرچکے ہیں۔ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹیم سے باہر ہونے والے احمد شہزاد کی بھی واپسی نہیں ہوسکی ہے جو قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔محمد حفیظ بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل نہ کرسکے۔ عام خیال یہی تھا کہ بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد وہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکیں گے۔محمد حفیظ نے قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کے سات میچوں میں تین نصف سنچریاں بنانے کے علاوہ گیارہ وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 13 سے 26 جنوری تک کھیلی جائے گی۔