جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 206رنز سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، سٹیفن کک مرد میدان قرار پائے

جمعہ 30 دسمبر 2016 15:10

پورٹ الزبتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) جنوبی افریقہ نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 206 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، مہمان ٹیم سری لنکا 488 رنز کے تعاقب میں 281 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، اینجلو میتھیوز اور دنیش چندیمل نے نصف سنچریاں سکور کیں، کیشوو مہاراج اور کگیسو ربادا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

سٹیفن کک کو پہلی اننگز میں 59 اور دوسری میں 117 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پورٹ الزبتھ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے 488 رنز کے تعاقب میں نامکمل اننگز 240 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان اینجلو میتھیوز 58 اور دھننجایا ڈی سلوا 9 رنز پر کھیل رہے تھے، اینجلو میتھیوز گزشتہ روز کے سکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کر سکے اور کائل ایبٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

(جاری ہے)

دھننجایا ڈی سلوا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 22 رنز بنانے کے بعد کائل ایبٹ کا شکار بن گئے، اس کے بعد سری لنکا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، رنگنا ہیراتھ تین، دشمانتھا چمیرا صفر اور نوان پردیپ چار رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ سرنگا لکمل 19 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم 281 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ کیشوو مہاراج اور کگیسو ربادا نے تین، تین جبکہ کائل ایبٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :