نامور ہدایتکار جاوید فاضل کی برسی منائی گئی

جمعہ 30 دسمبر 2016 13:15

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء)پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ہدایتکار جاوید فاضل کی برسی ( جمعہ کو) انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ صائمہ ، لازوال ، ناراض ، حساب، فیصلہ، دھند، کندن، بلندی سمیت سینکڑوں یادگار فلمیں تخلیق کرنے والے فلم انڈسٹری کے نامور ہدایتکار جاوید فاضل پانچ سال قبل 70برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال پا گئے تھے۔

وہ معروف اداکارہ شمیم آراء کے بہنوئی بھی تھے۔ موصوف ڈرامہ سیریل عورت کا گھر کونسا کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ اس جہاں فانی سے کوچ کرگئے ۔ جاوید فاضل 1962ء میں فلم انڈسٹری سے وابستہ ہوئے جبکہ 1977ء میں بطور ہدایتکار ان کی پہلی فلم گونج نے زبردست کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

ان کی سپر ہٹ فلموںمیںہم سے ہے زمانہ، آگ ہی آگ، آہٹ ، دشمنوںکے دشمن، دنیا دس نمبری، زمانہ ، الزام ، مس قلوپطرہ، بازارحسن، دہلیز ، استادوں کے استاد، ضد، ایک دن لوٹ کے آئوںگا کے ساتھ ساتھ دیگر فلموںنے بھی شاندار بزنس کرکے فلم انڈسٹری کو نئی جلا ء بخشی ۔

جاوید فاضل نے کئی ڈرامہ سیریل بھی بنائیں اور ریما ، شان سمیت دیگر فنکاروں کو متعارف کرایا۔ جاوید فاضل نے پسماندگان میں بیوہ ، 2بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑے ۔محمد جاوید فاضل مرحوم کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا۔