میلبورن ٹیسٹ،آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 18 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی، پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام، آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 181 رنز کی برتری کے ساتھ 624 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی، آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ ناقابل شکست 165، ڈیوڈ وارنر 144، عثمان خواجہ 97 اور مچل سٹارک 84 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 163 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، سٹیون سمتھ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

جمعہ 30 دسمبر 2016 12:13

میلبورن ۔ 18 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) آسٹریلوی بائولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 18 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ۔ آسٹریلوی ٹیم کے قائد سٹیون سمتھ کو ناقابل شکست 165 رنز کی اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، سٹیون سمتھ کے ناقابل شکست 165 رنز کی اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 181 رنز کی برتری کے ساتھ 624 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی، آسٹریلیا کی طرف سے پہلی اننگز میں کپتان سٹیون سمتھ ناقابل شکست 165، ڈیوڈ وارنر 144، عثمان خواجہ 97 اور مچل سٹارک 84 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 163 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، آسٹریلوی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث پاکستان کے پانچ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

اظہر علی اور سرفراز احمد نے بالترتیب43، 43 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک نے 4، نیتھن لیون نے 3، جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ جیکسن برڈ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 465 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو سٹیون سمتھ 100 اور مچل سٹارک 7 رنز پر کھیل رہے تھے، مچل سٹارک آسٹریلیا کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 84 رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، نیتھن لیون آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 12 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر آئوٹ ہوگئے، کپتان سٹیون سمتھ 165 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ، اس موقع پر آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ نے پہلی اننگز 624 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کردی۔

پاکستان کی طرف سے سہیل خان اور یاسر شاہ نے تین ، تین جبکہ وہاب ریاض نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا جو بہت مایوس کن تھا، پاکستان ٹیم کے پہلے چار کھلاڑی 63 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ سمیع اسلم 2 رنز بناکر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، بابر اعظم پاکستان کے دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 3 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، یونس خان پاکستان کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر ہینڈز کومب کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، کپتان مصباح الحق بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور بغیر کوئی رن بنائے نیتھن لیون کی گیند پر مادینسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اسد شفیق بھی کوئی عمدہ کھیل نہ پیش کرسکے اور 16 رنز بناکر نیتھین لیون کی گیند پر ہینڈز کومب کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے وہ پاکستان کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے، پہلی اننگز میں ناقابل شکست ڈبل سنچری سکور کرنے والے اظہر علی بھی 43 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔

محمد عامر پاکستان کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 11 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اس موقع پر سرفراز بھی 43 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، وہاب ریاض پاکستان کے نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، یاسر شاہ پاکستان کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے مچل سٹارک کی گیند پر برڈ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، سہیل خان 10 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، اور یوں آسٹریلیا نے میچ میں پاکستان کو اننگز اور 18 رنز سے شکست دیکر تین میں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

آسٹریلیا کی طرف سے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک نے 4، نیتھن لیون نے 3، جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ جیکسن برڈ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ کو اننگز میں شاندار اور ناقابل شکست 165 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :