میلبورن ٹیسٹ :پاکستانی بلے باز ایک بار پھر ”دھوکہ “ دے گئے ،آسٹریلیا اننگز اور18رنز سے کامیاب

جمعہ 30 دسمبر 2016 11:23

image courtesy : getty images
image courtesy : getty images

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 دسمبر2016ء) باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پانچویں روز پاکستانی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر دھوکہ دے گئی ، کینگروز نے رنز سے ٹیسٹ اپنے نام کرلیا ۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روزکا آغاز آسٹریلیا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 465 رنز سے کیا۔ آسٹریلوی کپتان سمتھ کی شراکت داری میں کھیلنے والے سٹارک 84 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار بنے جبکہ لیون 12 رنز بنا سکے اور یاسر شاہ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے ، کپتان سمتھ 165 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔

آسٹریلیا نے 624 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کی تو اسے پاکستان پر 181 رنز کی سبقت حاصل تھی۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور سمیع اسلم نے کیا لیکن سمیع اسلم ایک بار پھر بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور 2 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے ، بابر اعظم بھی صرف 3 رنز پر مچل سٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔

(جاری ہے)

یونس خان 24 رنز بنا کر لیون کی گیند پر شارٹ مڈ وکٹ پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔

کپتان مصباح الحق بھی دوسری ہی گیند پر ناتھن لیون کا شکار بن گئے جبکہ اسد شفیق بھی 16 رنز پر لیون ہی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ۔پہلی اننگز میں ڈبل سنچری کرنے والے اظہر علی نے دوسری اننگز میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 رنز بنائے جسکے بعد وہ جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔محمد عامر 11رنز بنا کر برڈ کی بولڈ ہوگئے جبکہ سرفراز احمد 43رنز بنا کر سٹار ک کا شکار بنے ، وہاب ریاض اور یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور یوں پاکستان کی پوری ٹیم 163رنز پر پوویلین لوٹ گئی اور آسٹریلیا نے میلبورن ٹیسٹ اننگ اور 18رنز سے اپنے نام کرلیا ۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگ 443 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی جس میں اظہر علی کے ناقابل شکست 205 رنز بھی شامل تھے جب کہ سہیل خان نے بھی 65 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تھی۔