لاہور ہائیکورٹ کا سول جج کے گھر پر پولیس کے چھاپے اور جج کے اہل خانہ کے ساتھ بدتمیزی کا نوٹس

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:14

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے سول جج کے گھر پر پولیس کے چھاپے اور جج کے اہل خانہ کے ساتھ بدتمیزی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او رحیم یار خان کو متعلقہ پولیس افسروں سمیت 2 جنوری کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے سول جج کے گھر پر پولیس کے چھاپے اور جج کے اہل خانہ کے ساتھ بدتمیزی کی شکایت پر لئے گئے نوٹس پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کو سیشن جج رحیم یارخان کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس کا چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے انتظامی سطح پر نوٹس لیا اور اس نوٹس کو درخواست میں تبدیل کرتے ہوئے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے پاس سماعت کیلئے بھجوایا جس پر فاضل جج نے ڈی پی او رحیم یار خان کو متعلقہ پولیس افسروں سمیت دو جنوری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ سیشن جج کی رپورٹ میں کہا گہا ہے کہ ایس ایچ اور تھانہ صدر راجن پور اور سب انسپکٹر عفت کی سربراہی میں پولیس ٹیم نی12 دسمبر کو سول جج ذوالفقار مزاری کے گھر پر غیر قانونی طور پر چھاپہ ماراا اور مذکورہ جوڈیشل آفیسر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ بد تمیزی کی جو کہ عدالتی وقار کو مجروح کرنے کی بد ترین مثال ہے۔