لاہور ہائیکورٹ ، جسٹس ریٹائرڈ اسد منیر کی ایڈمنسٹریٹر پاکستان فٹ بال فیڈریشن تعیناتی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:14

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس ریٹائرڈ اسد منیر کو پاکستان فٹ بال فیڈریشن میں بطور ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کیخلاف دائردرخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے جسٹس ریٹائرڈ اسد منیر کو فٹ بال فیڈریشن کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا ہے جو غیرقانونی اقدام ہے، فٹ بال فیڈریشن کے دو دھڑے ہیں جن میں حکومت مداخلت کر رہی ہے، قانون کے مطابق فٹ بال فیڈریشن کے معاملات کو ریگولیٹ کرنا وفاقی حکومت کا نہیں بلکہ صوبوں کا اختیار ہے، فٹ بال فیڈریشن کسی حکومت سے نہیں بلکہ براہ راست انٹرنیشنل فٹ بال فیڈریشن سے فنڈز اور ہدایات لیتی ہے، انہوں نے استدعا کی کہ ایڈمنسٹریٹر فٹ بال فیڈریشن جسٹس ریٹائرڈ اسد منیر کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

(جاری ہے)

پاکستان سپورٹس بورڈ اور وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ وہ فٹ بال فیڈریشن کے معاملات میں پہلے بھی کوئی مداخلت نہیں کررہے تھے اور نہ ہی آئندہ کرینگے، سرکاری وکیل نے بتایا کہ فٹ بال فیڈریشن میں دو دھڑے ہیں اور دونوں ہی اس وقت اپنے صحیح ہونے کا دعوی کرتے ہیں، عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد فٹ بال فیڈریشن میں ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔