ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب سے ہلاکتیں ،وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل کا سخت نوٹس ، قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 دسمبر2016ء)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب سے ہلاکتوں کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیشنل کمیشن فارہیومن رائٹس کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں ملوث ذمہ داروں کا فوری طور پر تعین کیا جائے اور انہیں ہر قیمت پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو متاثرہ اور تشویشناک حالت میں مبتلا افراد کی ہر ممکن دیکھ بھال اور انہیں ہر طرح کی طبی امداد فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ قومی سانحہ کی حیثیت رکھتا ہے اور ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔۔۔(ولی)