31دسمبر کو ریسکیورز اور کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی۔ڈاکٹرناطق حیات

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:13

ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان کے ریسکیورز کے مابین کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں ․ سپورٹس سرگرمیوں سے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار کے ساتھ ساتھ مستعد و چوکس رہنے میں مدد ملتی ہے ․ 31دسمبر کو ریسکیورز اور کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی جس میںانعامات تقسیم کیے جائیں گے ․ انہوںنے یہ بات مرکزی سٹیشن چوک چورہٹہ میں کرکٹ مقابلوں کی نگرانی کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی ․اس موقع پر ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں بھی موجود تھی․ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ناطق حیات نے کہاکہ ریسکیورز محفوظ معاشرہ کے قیام کیلئے آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ کسی بھی ایمرجنسی کی اطلاع پر بروقت کارروائی کر کے قیمتی انسانی جانوں و املاک کو نقصان سے بچاتے ہیں ․ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر فرد محفوظ معاشرہ کی تشکیل اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے بطور رضا کار رجسٹریشن کرائے۔