وزارت قانون و انصاف نے سینئر جج جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) وزارت قانون و انصاف نے سینئر جج جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ وزارت قانون وانصاف کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر پاکستان ممنون حسین نے پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہاگیا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی حلف اٹھانے کی تاریخ سے ہی چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی زمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 13 دسمبرکوسپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس مظہر عالم میاں مندوخیل کوسنیارٹی کی بنیاد پر سپریم کورٹ کا جسٹس مقرر کرنے کی سفارش تھی اور جسٹس یحییٰ کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ لگانے کی سفارش کی تھی جبکہ سمری پارلیمانی کمیٹی کے توسط سے صدر پاکستان کو بھجوائی گئی تھی، جس کی روشنی میں صدر پاکستان نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے تاہم جسٹس مظہر عالم میاں مندوخیل کو سپریم کورٹ کا جسٹس مقرر کرنے کا معاملہ اور نوٹیفکیشن تاحال زیر التواء ہے۔