سپریم کورٹ میں پانامہ پیپرز کے حوالے سے کیس میں بیرسٹر ظفراللہ نے متفرق درخواست دائر کردی ، تمام درخواستیں خارج کرنے کی استدعا

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:49

ااسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ میں زیر التواء پانامہ پیپرز لیکس کے حوالے سے کیس میں وطن پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر ظفراللہ نے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے اس حوالے سے دائر تمام درخواستیں خارج کرنے کی استدعاکی ہے۔ جمعرات کوسپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں دائرکردہ درخواست میں بیرسٹرظفراللہ نے موقف اختیا رکیا ہے کہ پانامہ لیکس کیس میں درخواستیں صرف ذاتی و سیاسی مفادات کے حصول کیلئے دائر کی گئی ہیں جن میں عدالت کا کندھا استعمال کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

پانامہ لیکس میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام نہیں ہے لیکن درخواست گزار سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے معاملہ عدالت میں لائے ہیں۔ درخواست میں کہاگیاہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے پارلیمنٹ میں کارروائی شروع ہوچکی ہے، ایف بی آر نے بھی پانامہ لیکس کیس میں نامزد افراد کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں، دوسری جانب انکوائری کمیشن ایکٹ کافی پرانا ہوچکا ہے جبکہ موجودہ قانون کے تحت اس معاملے پر کمیشن نہیں بنایا جاسکتا، اسلئے عدالت پانامہ لیکس کی سماعت روکتے ہوئے اس معاملے پر دائر تمام درخواستیں خارج کی جائے۔