صدر ڈویژن پولیس کا ڈکیتی اور اہزنی کی وارداتوں میں ملوث گروہوں کے خلاف کریک ڈائون

رواں ماہ کے دوران ایک کروڑ38لاکھ91ہزارروپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمدکیا ملزمان سے بھاری مقدار میں برآمد ہونے والامال مسروقہ اصل مالکان کے سپردکر دیا گیا

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) صدر ڈویژن انویسٹی گیشن پولیس نے رواں ماہ کے دوران کریک ڈائون کرتے ہوئے شاہرائوں، گلیوں اور محلوں میں گن پوائنٹ پر ڈکیتی، راہزنی اور ہائوس رابری کی وارداتوں میں ملوث مختلف گینگز کو گرفتار کر کے ان سے ایک کروڑ38لاکھ 91ہزار روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمدکر کے اصل مالکان کے سپرد کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمدامین وینس نے شہر میں ڈکیتی، راہزنی اور دیگر جرائم کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ان وارداتوں میںملوث ملزمان کے خلاف خصوصی آپریشن کرنے کا حکم دیا۔جس کے تحت ایس پی صدر انویسٹی گیشن عاطف نذیر نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈائون کے لیے پولیس کی سپیشل ٹیمیں تشکیل دے کر انہیں ایسے ملزمان کی گرفتاری کا ہدف دیا ۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیموں نے شب و روز کی محنت سے رواں ماہ کے دوران ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث مختلف گینگز کو گرفتار کر کے ان سے ایک کروڑ38لاکھ91ہزار روپے سے زائد مالیت کی 3گاڑیاں، طلائی زیورات، سیونگ سرٹیفکیٹ، 40موبائل فونز، 12موٹر سائیکلیں،نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کیں جنہیں ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزمان سے بھاری مقدار میں آتشیں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان احمد چوہدری نے مختلف گینگز کی گرفتاری اور بھاری مقدار میں مال مسروقہ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کرنے پر پولیس ٹیموں کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :