ہائیکورٹ نے جسٹس (ر) اسد منیر کو پاکستان فٹبال فیڈریشن میں بطور ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کیخلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس (ر) اسد منیر کو پاکستان فٹبال فیڈریشن میں بطور ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کے خلاف دائردرخواست پر سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے جسٹس (ر) اسد منیر کو فٹبال فیڈریشن کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا ہے جو غیرقانونی اقدام ہے، فٹبال فیڈریشن کے دو دھڑے ہیں جن میں حکومت مداخلت کر رہی ہے، قانون کے مطابق فٹبال فیڈریشن کے معاملات کو ریگولیٹ کرنا وفاقی حکومت کا نہیں بلکہ صوبوں کا اختیار ہے، فٹبال فیڈریشن کسی حکومت سے نہیں بلکہ براہ راست انٹرنیشنل فٹبال فیڈریشن سے فنڈز اور ہدایات لیتی ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر فٹبال فیڈریشن جسٹس (ر) اسد منیر کو عہدے سے ہٹایا جائے۔ دوران سماعت پاکستان سپورٹس بورڈ اور وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ وہ فٹبال فیڈریشن کے معاملات میں پہلے بھی کوئی مداخلت نہیں کر رہے تھے اور نہ ہی آئندہ کرینگے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ فٹبال فیڈریشن میں دو دھڑے ہیں اور دونوں ہی اس وقت اپنے صحیح ہونے کا دعوی کرتے ہیں۔ فاضل عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد فٹبال فیڈریشن میں ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

متعلقہ عنوان :