وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، پلے گرائونڈز اور ای لائبریریز کے قیام کے پروگرامو ںپر پیش رفت کا جائزہ

ضلع و ڈویژن کی سطح پر سپورٹس اکیڈمیاں بنائی جائینگی، ای لائبریریز پروگرام کو جدت کیساتھ آگے بڑھانا ہوگا،سکولوں کی بڑی پلے گرائونڈز میں کرکٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے پلان بنایا جائے، کرکٹ گرائونڈز میں فلڈ لائٹس کا انتظام کیا جائے ،شہباز شریف صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کرکٹ گرائونڈز اور پلے گرائونڈز بنانے کے کام کو جلد مکمل کیا جائے،وزیراعلیٰ کی ہدایت رواں مالی برس 10 ای لائبریریز کا قیام ہر صورت عمل میں لایا جائے،وزیرا علیٰ، پروگراموں میں تاخیر کا نوٹس ، انکوائری کا حکم

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت جمعرات کو یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں کھیلوں کے نئے میدان خصوصاً کرکٹ گرائونڈز بنانے اور ای لائبریریز کے قیام کے پروگرامو ںپر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سپورٹس سٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی۔حنیف عباسی سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اورنوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ صوبے میں یوتھ کمیشن قائم کر دیا گیا ہے اور یوتھ کمیشن کے پہلے اجلاس کی میں خود صدارت کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کو بھی جلد فعال کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صوبہ بھر میں کرکٹ اور پلے گرائونڈز بنائے جا رہے ہیں اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں 92 کرکٹ اور پلے گرائونڈز بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ انہو ںنے ہدایت کی کہ کرکٹ گرائونڈز اور پلے گرائونڈز بنانے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور سکولوں میں موجود پلے گرائونڈز میں بھی کرکٹ کھیلنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے اورجن اضلاع کے سکولوں میں گرائونڈز بڑی ہیں، وہاں پر رات کے وقت کرکٹ کھیلنے کا انتظام کیا جائے۔

نئی بننے والی کرکٹ گرائونڈز میں فلڈ لائٹس کا انتظام کیا جائے تاکہ رات کے وقت ٹورنامنٹس کا انعقاد ممکن ہوسکے اور اس ضمن میں سکولوں کا جلد سروے کرا کر کرکٹ گرائونڈز کی نشاندہی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کرکٹ اور پلے گرائونڈز کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے اور ضلع و ڈویژن کی سطح پر سپورٹس اکیڈمیاں بھی بنائی جائیں گی۔

انہو ںنے کہا کہ ای لائبریریز کے پروگرام کو جدت کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھانا ہوگا۔رواں مالی برس 10 ای لائبریریز کا قیام ہر صورت عمل میں لایا جائے۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ برس کرکٹ گرائونڈز، پلے گرائونڈز اور ای لائبریریز بنانے کے پروگراموں میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئی برہمی کا اظہار کیا اور اس ضمن میں چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ نے پروگراموں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، جہانگیر خانزادہ، سیکرٹری سپورٹس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق ایم این اے حنیف عباسی راولپنڈی اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بہاولپور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔