سی پیک کے تاریخی منصوبے نے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈال دیا ہے،شہبازشریف

وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کے حصول کی جانب بڑھ رہا ہے توانائی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، تکمیل سے ملک کا قریہ قریہ روشن ہوگا،اراکین اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بجلی کے منصوبوں پر جس تیز رفتاری سے کام جاری ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ توانائی کے منصوبے اگلے برس ہزاروں میگاواٹ بجلی دینا شروع کر دیں گے اور کوئلے و گیس سے چلنے والے کارخانے مکمل ہونے سے بجلی سستی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے برس کے اختتام تک لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی اور ملک میں زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں کیلئے وافر بجلی ہوگی۔

و ہ منتخب نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کے حصول کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سی پیک کے تاریخی منصوبے نے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔

(جاری ہے)

سی پیک کے تحت ملک بھر میں توانائی منصوبوں پر انتہائی تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔

ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور نااہلی کے باعث ملک اندھیروں میں ڈوبا رہا۔ دور آمریت اور اس کے بعد کے حکمرانوں نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔انہو ںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں بجلی کے منصوبوں پر کام کی رفتار اپنی مثال آپ ہے۔بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک کا قریہ قریہ روشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے غلام محمد لالی، اراکین صوبائی اسمبلی انعام اللہ خان نیازی، راجہ محمد علی اور امتیاز احمد لالی شامل تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ بھی موجود تھے۔