فیڈریشن انتخابات ،آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کا بی ایم پی اور بی پی جی کی حمایت کا اعلان

کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد اس بات میں کوئی شک نہیں رہا کہ یوبی جی بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے، الیاس محمود /خرم رنگون والا ملک بھر کی تجارتی ایسوسی ایشن اور چیمبر ز کی جانب سے بھرپور اعتماد نے ہمارے حوصلوں کو ایک نئی جلا بخشی ہے ،میاں زاہد حسین /مہتاب الدین چاولہ /یحییٰ پولانی

جمعرات 29 دسمبر 2016 20:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) ملک کی مختلف تجارتی ایسوسی ایشنزاور چیمبر آف کامرس کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات برائے 2017کے لیے بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے الائنس کی غیر مشروط حمایت کا سلسلہ جاری ہے ۔گزشتہ روزمنعقدہ ایک اجلاس میں آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے بھی بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

اجلاس میں چیئرمین ایسوسی ایشن الیاس محمود ،سینئر وائس چیئرمین خرم رنگون والا ،وائس چیئرمین زبیر اسحاق بھٹی ،زونل وائس چیئرمین عظیم اصغر ،زونل وائس چیئرمین عباد علی ،محمد سلیم خان اور محمد عارف بٹ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الیاس محمود نے کہا کہ ہم نے دو سال تک فیڈریشن میں برسراقتدار گروپ کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا ہے اور اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ۔

(جاری ہے)

آئندہ انتخابات میں مفاد پرستوں کے ایسے ٹولے کی حمایت کرنا بزنس کمیونٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہوگا ۔آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے اور دونوں گروپوں کی ولولہ انگیز قیادت میں حقوق کی جدوجہد میں اپنا کردارا دا کرنے کے لیے تیار ہے ۔

انہوںنے کہا کہ دونوں گروپوں کے مشترکہ صدارتی امیدوار عبدالرحیم جانو اپنی ذات میں ایک انجمن ہیں اور ان کاصدارتی عہدے کے لیے انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں گروپوں کے الائنس کے مدنظر صرف اور صرف بزنس کمیونٹی کا مفاد ہے ۔ہر پرامید ہیں کہ عبدالرحیم جانو کامیاب ہو کر فیڈریشن کو اس کا کھویا مقام واپس دلانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور ایک مرتبہ پھر ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ باڈی کی آواز حکومتی ایوانوں میں سنجیدگ کے ساتھ سنی جائے گی ۔

انہوںنے کہا کہ اس وقت فیڈریشن کو کٹھ پتلی عہدیداروں کی نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی کے حقیقی نمائندوں کی ضرورت ہے جو کسی کی ڈکٹیشن لیے بغیر آزادانہ طور پر اپنے فیصلے کرسکیں ۔پاکستان بزنس گروپ اور بزنس مین پینل کے تمام امیدوار یہ صلاحیت رکھتے ہیں کہ ایک ٹیم کی صورت میں فیڈریشن کو اس کی بلندیوں تک پہنچاسکیں ۔انہوںنے کہا کہ 31دسمبر کو ملک بھر کی بزنس کمیونٹی آمریت کے خاتمہ کا دن منائے گی اور سرکاری عہدوں پر براجمان بزنس کمیونٹی کے نام نہاد رہنماکو منہ چھپانے کی جگہ بھی نہیں ملے گی ۔

دریں اثناء بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ الائنس کے چیئرمین میاں زاہد حسین ،مہتاب الدین چائولہ ،عبدالرحیم جانو، محمدیحییٰ پولانی،عبدالوحیدشاہ ،ثاقب فیاض مگوں اوردیگرنیآل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کی جانب سے حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی تجارتی ایسوسی ایشن اور چیمبر ز کی جانب سے ہم پربھرپور اعتماد نے ہمارے حوصلوں کو ایک نئی جلا بخشی ہے اور ہرگذرتے دن کے ساتھ مخالفین کے کیمپ میں صف ماتم بچھتی ہوئی نظرآرہی ہے ۔31دسمبر کو یونائیٹڈ بزنس گروپ کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کے بعد ہم ترقی کے نئے سفر کا آغاز کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :