وزیراعظم کادورہ آزادکشمیر،گولیوں سے چھلنی سویلین بس کا معائنہ کیا

بھارتی مسلح افواج نے بس کو 23 نومبر کوایل اوسی پر نشانہ بنایا،حملے میں9 مسافر شہید ہو گئے تھے،وزیراعظم نواز شریف نے بس کے ڈرائیور سے بھی ملاقات کی۔ترجمان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 29 دسمبر 2016 19:25

مظفر آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29دسمبر2016ء) : وزیراعظم محمد نواز شریف نے جمعرات کو گولیوں سے چھلنی سویلین بس کا معائنہ کیا ،جس میں 9 مسافر اس وقت شہید ہو گئے تھے جسے بھارتی مسلح افواج نے 23 نومبر کو لائن آف کنٹرول پر نشانہ بنایا تھا۔ بھارتی فوج نے دھودنیال کے نزدیک وادی نیلم میں ایک سویلین بس کو نشانہ بنایا، بلااشتعال حملہ سے9 مسافر زخمی بھی ہوئے تھے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدراورصدرمسعود خان کے ہمراہ بس کے ڈرائیور سے بھی ملاقات کی۔ پاکستان نے اس حملہ پر سخت احتجاج کیا تھا اور بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کیا اور اسے سیز فائر کی بلااشتعال خلاف ورزی پراحتجاجی مراسلہ دیا تھا۔ بھارتی فوج نے دانستہ طور پر سویلین بس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں 9 معصوم شہری شہید اور 9 زخمی ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے کہا ہے کہ شہری علاقوں کی آبادی، دیہات، ایمبولینسوں اور سویلین ٹرانسپورٹ کو دانستہ نشانہ بنانا افسوسناک اور انسانی وقار کے منافی ہے۔ بھارتی فوج نے ایک ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا جو زخمیوں کو لے جا رہی تھی۔ یہ واقعہ بھی بین الاقوامی انسانی قانون کے کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے بھارت سے بارہا کہا ہے کہ وہ 2003ء کی سیز فائر کی مفاہمت کا احترام کرے اور لائن آف کنٹرول پر دیہات اور شہریوں کو نشانہ بنانے سے باز رہے۔