ایم ڈی اے تا سورج میانی ڈسپوزل اسٹیشن تک نئی سیوریج لائن کو پرانی لائن سے منسلک کرنے کا کام جلد مکمل کیا جائے،ایم ڈی واسا

جمعرات 29 دسمبر 2016 19:47

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء)منیجنگ ڈائریکٹر واسا رائو محمد قاسم نے ایم ڈی اے چوک تا سورج میانی ڈسپوزل اسٹیشن تک 72 انچ کی بچھائی جانے والی نئی سیوریج لائن کو ایم ڈی اے چوک پر72 انچ کی پرانی لائن سے منسلک کرنے کا کام جلد مکمل کرکے نئی سیوریج لائن کو چالو کرنے احکامات جاری کر دئیے ہیں جبکہ ایم ڈی اے چوک پر مین ہولز کی تعمیر کاکام بھی جلدمکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے یہ احکامات ایم ڈی اے چوک سے سورج میانی ڈسپوزل اسٹیشن تک 72 انچ کی نئی سیوریج لائن کی صفائی اور کراس ڈالنے کا عمل مکمل ہونے کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کئے۔ اس دوران ایم ڈی واسا کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ایم ڈی اے چوک تا سورج میانی ڈسپوزل اسٹیشن تک سیوریج کے میگا پراجیکٹ کے تحت 10ہزار فٹ سے زائد 72 انچ کی ٹرنک سیوریج لائن بچھانے کا منصوبہ مکمل ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ نئی سیوریج لائن کی صفائی کے ساتھ ساتھ کراس ڈالنے کا کام بھی مکمل کر دیا گیا ہے اور اب اس منصوبے کے تحت دوسرے مرحلے میں ایم ڈی اے چوک سے کلمہ چوک کی طرف نئی سیوریج لائن کے منصوبے کاکام تیزی سے جاری ہے۔ جس پر ایم ڈی واسا نے ایم ڈی اے چوک پر 72 انچ کی نئی سیوریج لائن کو پرانی سیوریج لائن سے جوڑ کر جلد از جلد چالو کرنے کی ہدایت کی ۔تاکہ پرانی سیوریج لائن پر پر یشرکم ہو اور شہری علاقوں کو سیوریج مسائل سے فوری ریلیف ملے ۔انہوں نے ایم ڈی اے چوک پر مین ہولز کی تعمیر کا کام بھی مکمل کرنے کا حکم دیا ۔