آصف زرداری پارلیمنٹ میں ضرور آئیں اور قوم کو بتائیں کہ انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے قاتل کیوں نہیں پکڑے‘ پروفیسر ساجد میر

جمہوریت شائستگی اور برداشت سکھاتی ہے، زرداری نے اپنے اکلوتے بیٹے کے نعروں اور دعوئوں کوہوا میں اڑا کر اسے مذاق کا باعث بنایا

جمعرات 29 دسمبر 2016 19:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے کہا ہے کہ آصف زرداری پارلیمنٹ میں ضرور آئیں اور قوم کو بتائیں کہ انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے قاتل کیوں نہیں پکڑے،سیاستدانوں کی بڑھکوں اور بدعنوانیوں کے باعث عوامی حلقوں میں جمہوریت پر اعتماد اٹھتاجارہا ہے۔

اپنے ردعمل میں ان کا کہنا تھاکہ جمہوریت شائستگی اور برداشت سکھاتی ہے۔ زرداری نے اپنے اکلوتے بیٹے کے نعروں اور دعووں کوہوا میں اڑا کر اسے مذاق کا باعث بنایا۔جمہوریت میں ووٹ کے ذریعے ہی سبق سکھایا جاتا ہے اور کون ملک کے لیے صحیح ہے اور کون غلط اسکا فیصلہ صرف عوام کرسکتے ہیں۔دھمکانے اور الٹانے کی باتیں غیر جمہوری اور غیر مہذب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن سوال کریں بے نظیر کے قاتل زرداری حکومت میںکیوں نہ بے نقاب ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرداری کی سیاست نے بھٹو خاندان کی رہی سہی ساکھ کو بھی تباہ کیا۔سرے محل اور سوئس اکائونٹس کی بازگشت ابھی عوام کے ذہنوںسے محو نہیں ہوئیں۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو نا چاہیے اور نہ ہی جمہوریت کے نا م پر اس سے آنکھیں چرائی جاسکتی ہیں ۔ پارلیمان ہی مسائل حل کرنے اور معاملات طے کرنے کا فورم ہے۔ سڑکوں پر مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ کشیدگی اور تلخی میں اضافہ ہوتا ہے۔