فیصل آباد،پی آئی اے نے فیصل آباد اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار تین پروازوں کو معطل کردیا،پروازوں کو معطل ہونے سے بزنس کمیونٹی پریشان

جمعرات 29 دسمبر 2016 18:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 دسمبر2016ء) پی آئی اے نے فیصل آباد اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار تین پروازوں کو معطل کردیا ،جبکہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہے یہاں سے کئی غیر ملکی فضائی کمپنیوں سے فیصل آبادسے براہ راست بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اس وقت 17سے زائد فیصل آباد سے بین الاقوامی پروازوںآمد ورفت ہے،پروازوں کو معطل ہونے سے بزنس کمیونٹی پریشان،آن لائن کے مطابق فیصل آباد 85 لاکھ کی آبادی کا ضلع ہے جبکہ اس کے اردگرد کے چار اضلاع کے لوگ بھی فضائی سفر کیلئے فیصل آباد کواولین ترجیح دیتے ہیں۔

اسی طرح فیصل آباد تقریباً ڈیڑھ کروڑ سے بھی زائد آبادی کو فضائی سفر کی سہولت ان کے گھر کے نزدیک مہیا کرنے والا واحدانٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ملک کا اہم ترین برآمدی شہر ہے اور یہاں سے روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ دنیا بھر کے مختلف ممالک کیلئے سفر کرتے ہیں ۔ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کوششوں سے کئی غیر ملکی فضائی کمپنیوں سے یہاں سے براہ راست بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اس طرح مشرق وسطیٰ اور دیگر ملکوں میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد بھی آنے جانے کیلئے فیصل آباد ایئرپورٹ کو ترجیح دیتی ہے ، ان کمپنیوں کے آنے کے بعد پی آئی اے کو فضائی سفر کے حوالے سے فیصل آباد کی منافع بخش کاروباری اہمیت کا احساس ہوا اور اس سے فیصل آباد سے جدہ اور مدینہ کیلئے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا۔

لیکن بد قسمتی سے نیشنل فلیگ کیرئیر پی آئی اے نے ہمیشہ فیصل آباد کو نظر انداز کیا۔ اس سلسلہ میں پاکستان چیمبرآف کامرس انیڈ انڈسٹری کے ایک ممبرو چیئرمین موٹر مارکیٹ محمد اصغر،فیڈریشن پاکستان چیمبرآف کامرس انیڈ انڈسٹری کے سابق صدروفیصل آباد انڈسٹریل ایسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں محمد ادریس اور دیگر تاجروں و صنعتکاروںنے فیصل آباد اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار تین پروازوں کو معطل کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح فیصل آباد اور کراچی کے درمیان بھی دوبارہ روزانہ ایک پرواز شروع کی گئی مگر ان میں کھٹارہ قسم کے ا ے ٹی آر طیارے چلائے۔ کچھ عرصہ قبل تک فیصل آباد کراچی روٹ پر تین دن اے ٹی آر جبکہ باقی چار دن ایئربس چلائی جاتی تھی مگر کچھ عرصہ سے اے ٹی آر طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور اب ان کے متبادل کوئی طیارہ مختص نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے تین دن فضائی سروس نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو فیصل آباد کی کاروباری اہمیت کے پیش نظرفیصل آباد کراچی روٹ پر روزانہ ایئر بس چلانی چاہیئے تا کہ ملکی اور غیرملکی مسافروں کو آرام دہ سفر کی سہولت مہیا کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کی تعداد کے پیش نظر فیصل آباد کراچی کے درمیان پروازوں کی تعداد کو ایک سے بڑھا کردو کیاجائے تا کہ صبح کراچی جانے والے شام کو واپس اپنے گھر لوٹ سکیں۔ دریں اثناء انہوںنے فیصل آباد میں نئی جدید سول ایئر پورٹ کے مطالبے کو بھی دوہرایا جس پر ہر قسم کے بڑے جہازبھی اتر سکیں۔

متعلقہ عنوان :